پشاور:
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سی ٹی ڈی شمالی وزیرستان کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں دتہ خیل بازار میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے دو سہولتکار گرفتار کرلیے گئے۔
گرفتار دہشتگردوں کی شناخت یارمجان ولد بادشاہ دین اور لطیف اللہ ولد شانہ جان ساکنان دتہ خیل کے نام سے ہوئی جو دہشتگردی، قتل و اقدام قتل کے واقعات میں ملوث اشتہاری مجرمان ہیں۔
واضح رہے دتہ خیل بازار میں واقع پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش دھماکہ کیا گیا تھا جس میں پولیس کانسٹیبل حکیم خان سمیت سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار بشمول ایک حوالدار اور ایک شہری شہید ہوگئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں درج کیا گیا تھا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی آپریشن اور ایکشن ٹیمز کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکار عوام میں چھپی کالی بھیڑیں ہیں جن کو ان کے منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔