بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر روہتک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بین الاقوامی پیرا ویٹ لفٹنگ ایتھلیٹ روہت کو ایک خاتون کو ہراسانی سے بچانے پر بے دردی سے قتل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی ایک تقریب میں راہول نامی شخص، جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا، خواتین کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کر رہا تھا۔
روہت نے اس رویے پر اعتراض کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، تاہم وہاں موجود افراد نے معاملہ ختم کرا دیا۔
پولیس کے مطابق روہت تقریب سے واپس جا رہے تھے کہ راہول اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ان کی گاڑی کے سامنے آ گیا اور تقریباً 10 افراد نے ڈنڈوں اور لوہے کی راڈوں سے ان پر حملہ کر دیا۔
شدید زخمی حالت میں روہت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دو روز زیرِ علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔