اسلام آباد:
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی و میڈیا تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے تاجکستان کی وزیر ثقافت ستاریون مطلوبخون امون زودہ نے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعاون، ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک، میڈیا روابط کے فروغ ،باہمی تعلقات اور دوطرفہ ادبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ تاجکستان کی وزیر ثقافت تاجک ثقافتی ہفتہ منانے کے لیے پاکستان کے خصوصی دورے پر ہیں۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی، میڈیا تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاک تاجک ہفتہ ثقافت کے انعقاد پر تاجکستان کی وزیر ثقافت کو مبارکباد دی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تاجک صدر امام علی رحمان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں طے پایا تھا کہ پاکستان میں تاجکستان کا ثقافتی ہفتہ منایا جائے گا۔ پاک تاجک کلچرل فیسٹیول جیسے پروگرام دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں اور ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صدیوں پر محیط قدیم، گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں۔ پاکستان ثقافتی سفارت کاری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تاجکستان کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا موجودہ دور میں عوامی رابطے، ثقافتی ہم آہنگی اور مثبت بیانے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات میں تاجکستان کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے موقع پر ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ معاہدے طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان فکری ہم آہنگی اور باہمی قربت کی علامت ہے۔ فارسی کے عظیم شعراء دونوں ممالک میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک اس مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کو اہمیت دیتے ہیں۔
اس موقع پر تاجکستان کی وزیر ثقافت نے وفاقی وزیر اطلاعات کا تاجک فیسٹیول ویک کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں قریبی تعاون کو جاری رکھے گا۔ مشترکہ ادبی و ثقافتی ورثے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اجاگر کیا جائے گا۔
ملاقات میں تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ، ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز اور دیگر بھی موجود تھے۔