قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی جب کہ اس دوران آکسیجن ماسک کھل کر مسافروں کی سیٹوں پر آگرے۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 860 ساڑے تین سو سے زائد مسافروں کو لیکر جدہ سے لاہور آرہی تھی کہ اچانک جہاز میں ٹیکنیکل خرابی کا سگنل جہاز کے پائلٹ کو ملا جس پر پائلٹ نے فوری ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رابط کیا۔
جہاز میں خرابی کے باعث پرواز کو دمام میں اتار لیا گیا، ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز میں آکسیجن ماسک کھل گئے، جہاز میں 381 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ہنگامی لینڈنگ کے وقت دمام ائیرپورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذ رہی، لینڈنگ کے بعد مسافروں کو جہاز سے اتار لیا گیا جب کہ پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو لاہور لانے کیلئے متبادل طیارہ پاکستان سے روانہ کردیا جو مسافروں کو لیکر لاہور پہنچے گا۔