ایران میں موساد کیلیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی

اغیل کشاورز کو گشت پر مامور فوجیوں نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک فوجی ہیڈکوارٹر کی تصاویر لے رہا تھا


ویب ڈیسک December 20, 2025
ایران میں اسرائیل کیلیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی دیدی گئی

ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دیدی گئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق رواں برس جون سے تاحال جاسوسی کے الزام میں پھانسی پانے والے مجرموں کی تعداد دس ہوگئی۔ ان میں زیادہ تر نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کی تھی۔

آج جس شخص کو اسرائیلی انٹیلی جنس موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی دی گئی اس کا نام اغیل کشاورز تھا۔

سپریم کورٹ نے بھی اغیل کشاورز کی پھانسی کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔ جس کے بعد آج سزا پر عمل درآمد کردیا گیا۔

27 سالہ اغیل کشاورز فنِ تعمیر (آرکیٹیکچر) کا طالب علم تھا۔ اسے رواں سال کے آغاز میں شمال مغربی شہر ارمیہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اغیل کشاورز کو گشت پر مامور فوجیوں نے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک فوجی ہیڈکوارٹر کی تصاویر لے رہا تھا۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم نے یہ تصاویر اسرائیل کے لیے کھینچنے کا اعتراف کیا تھا۔ جس کے لیے موساد سے رقم بھی وصولی تھی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ اغیل کشاورز نے تہران، اصفہان، ارمیہ اور شاہرود سمیت مختلف شہروں میں اسرائیلی انٹیلی جنس کے لیے 200 سے زائد مشن انجام دیے۔

ان مبینہ سرگرمیوں میں حساس مقامات کی تصاویر لینا، رائے عامہ کے جائزے اور مخصوص علاقوں میں ٹریفک کی نگرانی شامل تھی۔

یاد رہے کہ جون میں اسرائیل نے ایران پر حملوں میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ، پاسداران انقلاب کے اعلیٰ کمانڈرز اور ایٹمی سائنس دانوں کو نشانہ بنایا تھا۔

جس کے بعد ایرانی حکومت نے ملک میں بیٹھے گھس بیٹھیوں اور جاسوسوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن کا آغاز کیا جو تاحال جاری ہے۔

اس کریک ڈاؤن کے دوران درجنوں افراد کو سزائے موت اور عمر قید سنائی جا چکی ہیں جن میں 10 کو پھانسی بھی دیدی گئی۔

اغیل کشاورز کے اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس ادارے موساد کے ساتھ انکرپٹڈ میسجنگ ایپس کے ذریعے کیے گئے میسیجز پکڑے گئے۔

جس کے لیے اغیل کشاورز کو مشن مکمل کرنے کے بعد کرپٹو کرنسی میں ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔

عدلیہ نے کہا کہ اس نے دانستہ طور پر اسرائیلی اداروں سے تعاون کیا اور ایران کی اسلامی جمہوریہ کو نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتا تھا۔

اکتوبر میں ایران نے اسرائیل اور امریکا کے لیے مبینہ جاسوسی کے خلاف قوانین مزید سخت کر دیے تھے۔

 

مقبول خبریں