کراچی:
شہر میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات تھم نہ سکے ، گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریلر اور کنٹینر لدے ہوئے ٹرک نے 2 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیے جبکہ نوعمر لڑکا زخمی بھی ہوگیا ۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب پیٹرول پمپ پر کنٹینر لدے ہوئے ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں اس پر سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔
اس حوالے سے تھانہ گڈاپ سٹی کے ہیڈ محرر عمر ملاح نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت 45 سالہ غلام اللہ ولد عبدالقیوم کے نام سے کی گئی جو کہ نوری آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تاہم پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کنٹینر سے لدا ٹرک اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ متوفی کی لاش ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے بقائی ٹول پلازہ اسپتال لیجائی گئی۔
دوسری جانب ماڑی پور کے علاقے گریکس حنفیہ مسجد کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق جبکہ نوعمر لڑکا زخمی ہوگیا ، متوفی کی لاش جابطے کی کارروائی کے لیے ایدھی کے رضا کاروں نے سول اسپتال پہنچائی۔
ہیڈ محرر تھانہ ماڑی پور اے ایس آئی رمضان نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ مطیع اللہ کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 10 سالہ بلال کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور دلاور کو گرفتار کر کے ٹریلر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ، متوفی نوجوان مشروف کالونی کا رہائشی تھا جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جبکہ پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔