عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی خبریں، رانا ثنااللہ کا اہم بیان سامنے آگیا

خان صاحب کو تحفے میں ملنے والی قیمتی گھڑیاں دوسرےملکوں سےبرآمد ہوئیں،بعد ازاں یہ بات سامنے آئی ان تحائف کو فروخت کیا


ویب ڈیسک December 20, 2025

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا نے کہا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جا رہا، اگر ان سے صرف ملاقاتیں کی جائیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

انہوں نے چنیوٹ میں پی پی پی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔

انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ڈی آر سی (ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل) کے قانون کے تحت پہلے ڈپٹی کمشنر یا اسسٹنٹ کمشنر کو دو فریقین کے درمیان تنازعہ کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے عوامی شکایات سامنے آئیں جس پر یہ قانون متعارف کروایا گیا تھا۔

بعد ازاں عدالتِ عالیہ نے اس قانون پر فیصلہ دیتے ہوئے ڈویژنل لیول پر ٹربیونلز بنانے کی ہدایت کی، جو اگلے دو سے تین دنوں میں قائم ہو جائیں گے۔بانی پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو کسی دوسری جیل منتقل نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان سے صرف ملاقاتیں کی جائیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں، تاہم جیل قانون فساد اور افراتفری کی اجازت نہیں دیتا۔ اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس حوالے سے مزید سوچا جائے گا۔

رانا ثناءاللہ نے بانی پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص دوسروں کو چور اور ڈاکو کہتا رہا، وہ خود چور ثابت ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کو تحفے میں ملنے والی قیمتی گھڑیاں دوسرے ملکوں سے برآمد ہوئیں اور بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ ان تحائف کو فروخت کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں آر ٹی ایس بٹھا کر ایک نیا پراجیکٹ لایا گیا، جبکہ 2017 تک ڈالر، پٹرول اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نارمل تھیں۔

رانا ثناءاللہ کے مطابق پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام میں جانا پڑا، جس کے باعث حکومت سبسڈی دینے سے قاصر ہے۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ آئی ایم ایف پروگرام ختم ہونے کے بعد وزیراعظم عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

مقبول خبریں