ابتدائی تین میچز ہار کر سیریز گنوانے کے بعد انگلینڈ نے ایشیز سیریز میں پہلی فتح حاصل کرلی۔
تفصیلات کے مطابق میلبرن میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہیری بروک 18 اور جیمی اسمتھ 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جیکب بیتھیل 40، زیک کرولی 37 اور بین ڈکٹ 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جو روٹ 15، برائیڈن کارس 6 اور کپتان بین اسٹوکس 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جھائی رچرڈسن اور اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب آسٹریلوی ٹیم کو اسٹیو اسمتھ کی کپتانی میں شکست ہوئی۔
اس سے قبل دوسرے روز آسٹریلیا نے 4 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
ٹریوس ہیڈ 46 اور کپتان اسٹیو اسمتھ ناٹ آؤٹ 24 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے 4، بین اسٹوکس نے 3، جوش ٹنگ نے 2 اور گس ایٹکنسن نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ پہلے روز دونوں ٹیمیں اپنی اپنی پہلی اننگز میں آل آؤٹ ہوگئی تھیں۔
انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم محض 110 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے 42 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنالیے تھے۔
یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہے جو دوسرے دن میں ہی اختتام پذیر ہوگیا۔