کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تاریخ ساز تیزی کا رجحان ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھو چکا ہے۔
بازار حصص میں آج (جمعرات کے روز) کاروبار کا آغاز 454 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 86 ہزار 973 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں مارکیٹ میں 605 پوائنٹس کی تیزی نے انڈیکس کو ایک لاکھ 87 ہزار 124 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچایا، تاہم مختصر دورانیے کے لیے مارکیٹ پر مندی کا رجحان دکھائی دیا، جس کے بعد ایک بار پھر سرمایہ کاروں کے پراعتماد اظہار نے 856 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ انڈیکس کو ایک لاکھ 87 ہزار 374 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔
واضح رہے کہ رواں کاروباری ہفتے کے آغاز سے پی ایس ایکس میں شاندار تیزی کا رجحان ہے اور اس دوران انڈیکس نے کئی نئی نفسیاتی سطحوں کو عبور کرکے بلندی کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔