لاہور: جانوروں کو بھوکا قید رکھنے والے 3 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 10 بلیاں، 3 کتیا اور ان کے بچے برآمد


ویب ڈیسک January 09, 2026

لاہور:

لاہور کے علاقے ہنجروال کی مرغزار کالونی میں جانوروں کو حبسِ بے جا میں رکھنے، بھوکا رکھنے اور مارنے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان علی رضا، کاشف اور حسن علی نے ایک کلینک بنا رکھا تھا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 بلیاں، 3 کتیا اور ان کے بچے برآمد کیے گئے جن میں سے 5 بلیوں کے بچے مردہ پائے گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ جانوروں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حسن علی خود کو جعلی ڈاکٹر ظاہر کرتا تھا اور جانوروں کا معائنہ بھی خود ہی کرتا تھا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ حاملہ بلیوں کو ریسکیو کیا گیا جن کی حالت خراب تھی۔ پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

ہنجروال پولیس نے سب انسپکٹر محمد بلال یحییٰ کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقبول خبریں