کراچی:
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ترمیمی) بل 2025ء پر دستخط کردئیے جس کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کرگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر سندھ کی منظوری کے بعد تھر کول اینڈ انرجی بورڈ (ترمیمی) ایکٹ 2025 فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا، ترمیمی ایکٹ کے تحت تھر کول اینڈ انرجی بورڈ کو ٹیرف، قیمتوں اور چارجز کے تعین کے باقاعدہ اختیارات حاصل ہو گئے ہیں۔
اب کوئلے کی قیمت، نرخ اور دیگر چارجز کے کنٹرول کا اختیار براہِ راست بورڈ کے پاس ہوگا۔ قانون کے مطابق بورڈ کو اپنے فیصلوں پر نظرِ ثانی کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا جبکہ فیس عائد کرنے اور فیصلوں کے جائزے سے متعلق قانونی اختیارات بھی بورڈ کو دے دئیے گئے ہیں۔
ترمیمی قانون کا مقصد تھرکول منصوبوں کے انتظامی و مالی امور کو مزید مو ثر، شفاف اور منظم بنانا ہے۔