غزہ منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع، امریکا کا حماس کو غیر مسلح کرنے کا اعلان

اسٹیو وٹکوف کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت غزہ میں تمام غیر مجاز مسلح عناصر کو اسلحہ چھوڑنا ہوگا


ویب ڈیسک January 15, 2026

واشنگٹن: امریکا نے اعلان کیا ہے کہ غزہ سے متعلق جنگ بندی منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کا بنیادی مقصد حماس کو غیر مسلح کرنا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بتایا کہ صدر کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے، جس میں جنگ بندی کے بعد غزہ کو غیر فوجی علاقہ بنانا، تکنیکی حکومت قائم کرنا اور تعمیرِ نو شامل ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اکتوبر میں نافذ ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بعض حملے بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسٹیو وٹکوف کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت غزہ میں تمام غیر مجاز مسلح عناصر کو اسلحہ چھوڑنا ہوگا، جبکہ جنگ کے بعد کے انتظامات کے لیے 15 رکنی فلسطینی تکنیکی کمیٹی قائم کی جائے گی جو غزہ کے انتظامی امور سنبھالے گی۔ اس کمیٹی کے قیام کا اعلان مصر نے بھی کیا ہے، جو امریکا کا قریبی اتحادی اور ثالث ہے۔

امریکی ایلچی نے واضح کیا کہ امریکا کو توقع ہے کہ حماس اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی، جن میں آخری ہلاک شدہ یرغمالی کی فوری واپسی بھی شامل ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے تعاون نہ کیا تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مقبول خبریں