وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو آسان ، شفاف اور تیز ترین خدمات کی فراہمی کے لئے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں اور مختلف محکموں سے متعلق خدمات فراہم کی جائیں گی،جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لیے تحفہ ہے، آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کے غیرمعمولی تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں ، اسی طرح کے مراکز آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی قائم کئے جائیں گے۔
اس موقع پروفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت مرکزکا افتتاح کیا گیا ہے،آذربائیجان کے دورے کے دوران باکو میں خدمت مرکز کا دورہ کیا تھا اور اس دورے کے دوران فیصلہ کیا کہ اس طرز کے ادارے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بھی قائم کریں گے۔
اس سلسلے میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے غیرمعمولی تعاون پر ان کے شکر گزارہیں ،جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لیے تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت مرکز سے عوام کو بے پناہ سہولیات اور آسانیاں میسر آئیں گی، پاکستان آسان خدمت مرکز کے لیے ماسٹر ٹرینرز نے آذر بائیجان سے تربیت حاصل کی ہے.
ان کا کہنا تھا کہ ماسٹر ٹرینرزخدمات کی فراہمی میں اخلاق اوراحترام کے جذبے سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ،آسان خدمت مرکزمیں نادرا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سی ڈی اے، سوئی گیس اور دیگر محکموں سے متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مراکز آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر شہروں میں کھولیں گے، عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ضروری ہے۔
اس موقع پروفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت مرکز عوامی خدمات کے نظام ایک انقلابی قدم ہے، پاکستان آسان خدمت مرکز میں ایک ہی چھت تلے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسان خدمت مرکز کا قیام ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،ایسے مرکز جیسے اقدامات سے شہری حکومت سے تعلق مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آسان خدمت مرکز کے قیام کا مقصد عام لوگوں کےلئے آسان ،شفاف اور تیز ترین خدمات کو یقینی بنانا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم کو پاکستان آسان خدمت مرکز میں دستیاب سہولیات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے آسان خدمت مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا ، مرکزمیں دی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا اور ان خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔