اکشے کمار کا مداح کے ساتھ برتاؤ سوشل میڈیا پر وائرل

اکشے کمار جلد ہی پریادرشن کی فلم ’حیوان‘ میں سیف علی خان کے ساتھ نظر آئیں گے


ویب ڈیسک January 16, 2026

بھارتی شہر ممبئی میں جاری بلدیاتی انتخابات کے دوران اکشے کمار کا ایک غیر متوقع دل چھو لینے والا لمحہ دیکھنے کو ملا جس نے سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گزشتہ روز 58 سالہ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ بی ایم سی انتخابات میں ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہنچے۔

ووٹ دینے کے بعد جب وہ واپس اپنی گاڑی کی طرف جا رہے تھے تو ایک کم سن لڑکی نے انہیں روک لیا۔

لڑکی کے ہاتھ میں ایک کاغذ تھا جسے دکھاکر اس نے اکشے کمار سے روہانسے انداز میں مدد کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے والد شدید قرض میں ہیں۔

ویڈیو میں اکشے کمار کچھ جلدی میں نظر آرہے تھے، تاہم انہوں نے چند لمحے رک کر لڑکی کی بات سنی اور اپنی ٹیم کے ایک رکن کو اس کا فون نمبر لینے کا کہا، جس سے ان کی مدد کرنے کی نیت واضح ہوئی۔

لڑکی نے شکر گزاری کے طور پر اکشے کمار کے پاؤں چھونے کی کوشش کی مگر اداکار نے فوراً اسے روک دیا اور کہا، ’بیٹا ایسا مت کرو‘۔

یہ منظر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا اور مداحوں نے اکشے کمار کے بڑے دل اور عاجزی کی تعریف کی۔

کئی صارفین نے انہیں مہربان اور انسان دوست قرار دیا۔

واضح رہے کہ اکشے کمار جلد ہی پریادرشن کی فلم ’حیوان‘ میں سیف علی خان کے ساتھ نظر آئیں گے جس کی ریلیز 2026 میں ہی متوقع ہے۔

مقبول خبریں