ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی نے فیسوں میں اضافہ کردیا ہے جسکی وجہ سے غریب متوسط طبقہ کے طلبہ طالبات کیلئے میٹرک انٹرمیڈیٹ امتحان دینا مشکل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بورڈز امتحان کیلئے سی سی ٹی وی کیمرہ فیس 30 روپے بھی عائد کی گئی ہے۔ ہر طالب علم پر 900 روپے گمنام متفرق فیس بھی عائد کی گئی۔ سند فیس 550 سے بڑھا کر 1000 روپے کر دی گئی۔
طلبہ پر 350 روپے ڈویلپمنٹ چارجز اور 300 روپے پوسٹل خرچہ بھی عائد کیا گیا ہے۔اسکالر شپ فیس 250 روپے کردی گئی۔ ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی نے ان فیسوں کا سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔

پروسیسنگ فیس 450 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے اور رجسٹریشن فیس 1000 روپے، داخلہ فیس 1000 روپے، ایڈمشن فیس ریگولر آرٹس 1700 روپے، سائنس گروپ 1740 روپے، ایڈمشن فیس پرائیویٹ طلبہ آرٹس 1800 روپے اور سائنس گروپ 1900 روپے مقرر کی گئی ہے۔
انٹرمیڈیٹ ریگولر مجموعی فیس 7730 روپے جبکہ پرائیویٹ طالب علم کی مجموعی فیس 7570 روپے ہوگی۔ میٹرک سالانہ امتحانات 27 مارچ انٹرمیڈیٹ 20 مئی سے شروع ہونگے۔ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ بھجوانے کی آخری تاریخ 9 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز نے فیس اضافہ نئے ٹیکس مسترد کر دئیے ہیں۔