ابھیشک شرما نے ٹی20 کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے7 وکٹوں پر 238 رنز بنائے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 وکٹوں پر 190 رنز بنا سکی


اسپورٹس ڈیسک January 22, 2026
فوٹو: کرک انفو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر ابھیشک شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں ٹی20 کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا اور دونوں ٹیموں کی شان دار بیٹنگ سے مجموعی اسکور کا نیا ریکارڈ بھی بن گیا۔

ناگپور میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر میزبان بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ان کا فیصلہ شروع میں درست دکھائی دیا تاہم ابھیشک شرما اور رینکو سنگھ بازی پلٹ دی۔

بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 238 رنز کا مجموعہ سجا دیا، جس میں ابھیشک شرما کی برق رفتار 35 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز بھی شامل تھی۔

ابھیشک شرما نے ابتدائی 22 گیندوں میں 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے برق رفتار نصف سنچری بنائی، جو بھارت کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف تیز ترین نصف سنچری ہے، اس سے قبل کے ایل راہول اور سابق کپتان روہت شرما نے 23 گیندوں پر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

نوجوان بیٹر نے اس نصف سنچری کے ساتھ ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں بھی ایک نیا باب رقم کیا، جس کے لیے انہوں نے کپتان سوریا کمار یادیو، انگلینڈ کے فل سالٹ اور ویسٹ انڈیز کے ایون لیویس کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ابھیشک شرما نے 25 یا اس سے کم گیندوں میں سب سے زیادہ 8 نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بنایا ہے، اس سے قبل سب سے زیادہ تیز ترین نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر ابھیشک شرما سمیت دیگر بیٹرز کے پاس تھا۔

ٹی20 کرکٹ میں 25 یا اس سے کم گیندوں پر زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ دوسرے نمبر پر فل سالٹ، سوریا کمار یادیو اور ایون لیوس کے پاس ہے، جنہوں نے 7 تیزترین نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف 7 وکٹوں پر 238 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جس میں ابھیشک شرما کے 35 گیندوں پر 84 رنز شامل تھے، جس کے لیے انہوں نے 5 چوکے اور 8 چھکے لگائے، رینکو سنگھ نے 20 گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ نے بڑے ہدف کے تعاقب میں گلین فلپ کے 4 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 78 رنز اور مارک چیپمین کے 39 رنز کی بدولت 7 وکٹوں پر 190 رنز بنائے تاہم کیویز کو میچ میں 48 رنز سے شکست کھائی۔

ابھشک شرما کوریکارڈ جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کی شان دار بیٹنگ کی وجہ سے میچ میں مجموعی طور پر 428 رنز بنے جو ٹی20 کرکٹ میں ایک ریکارڈ ہے، اس سے قبل زمبابوے اور گیمبیا نے 23 اکتوبر 2024 کو 344 رنز بنایا تھا جو ریکارڈ تھا۔

نیپال اور منگولیا کے درمیان 27 ستمبر 2023 کو کھیلے گئے ٹی20 میں مجموعی طور پر 314 رنز بنے تھے جو تیسرے نمبر پر سب سے بڑا اسکور ہے، چوتھے نمبر پر انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی جانب سے 12 ستمبر 2025 کو 304 رنز بنائے تھے، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان 12 اکتوبر 2024 کو حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں 297 رنز بنے تھے جو پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ اسکور ہے۔

مقبول خبریں