فیفا کے چیف آف گلوبل فٹبال ڈیویلپمنٹ اور آرسنل ایف سی کے سابق کوچ آرسین وینگر نے پاکستان میں فٹبال کے بے پناہ ٹیلنٹ کی نشاندہی کی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرسین وینگر نے پاکستان میں فٹبال اکیڈمی قائم کرنے کے منصوبوں کا عندیہ دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آبادی ہی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ 25 کروڑ آبادی والا پاکستان ٹیلنٹ کے اعتبار سے ایک بڑا ملک ہے، جہاں فٹبال کو منظم انداز میں فروغ دیا جا سکتا ہے۔
آرسین وینگر نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی نمائندوں سے ملاقات کی ہے اور ملک میں فٹبال اکیڈمی کے قیام پر بات چیت کی گئی ہے، جو ان کے بقول نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور فٹبال کی بنیاد مضبوط کرنے کا پہلا اہم قدم ہو سکتا ہے۔
پاکستان کے دورے سے متعلق سوال پر وینگر نے کہا کہ وہ ضرور آنا چاہتے ہیں، تاہم دنیا کے 211 ممالک اور محدود وقت کے باعث شیڈول بنانا مشکل ہوتا ہے، لیکن ان کی خواہش اور منصوبہ پاکستان آنے کا ضرور ہے۔
واضح رہے کہ اسی تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے بھی پاکستان کا جلد دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کیے گئے وعدے کے تحت بہت جلد پاکستان آئیں گے اور فٹبال کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔