بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار افغان مہاجر کی ضمانت خارج، جیل بھیجنے کا حکم

ملزم عبد الحفیظ نے پشاور کے ایک مشہور ریسٹورنٹ کے مالک سے بھتہ طلب کیا تھا، پولیس


ویب ڈیسک January 24, 2026

پشاور:

بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار افغان مہاجر کی ضمانت منسوخ کرکے عدالت نے   ملزم کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بھتہ خوری کے الزام میں گرفتار افغان مہاجر کی ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت اے ٹی سی جج فرید علیزئی نے کی، جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت درخواست خارج کرتے ہوئے اسے جیل میں رکھنے کا حکم دے دیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم عبد الحفیظ نے پشاور کے ایک مشہور ریسٹورنٹ کے مالک سے بھتہ طلب کیا تھا۔ پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ملزم نے مختلف موبائل نمبرز کے ذریعے ریسٹورنٹ کے مالک سے رابطہ کیا اور بھتہ طلب کیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے اپنے آپ کو کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا کارندہ ظاہر کیا اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں ریسٹورنٹ کے مالک کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزم کو ٹریس کرنے کے بعد حراست میں لیا گیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم عبد الحفیظ کی ضمانت درخواست خارج کر دی۔

مقبول خبریں