کراچی؛ لانڈھی میں گودام اور ملیر میں گھر کے اندر آتشزدگی، دو افراد زخمی

ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پا لیا گیا ہے


ویب ڈیسک January 26, 2026

کراچی:

لانڈھی شیرپاؤ کے علاقے میں گودام میں آتشزدگی سے سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق لانڈھی شیرپاؤ کالونی، مسجد اقصیٰ کے ساتھ واقع ایک پرانے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں۔

گودام میں فوم اور کاغذ کا ڈھیر تھا جس میں آگ لگی، آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل کا آغاز کر دیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ قائدآباد و ریسکیو، پولیس ٹیمز اور دیگر ادارے بھی موقع پر موجود ہیں۔

پولیس کے مطابق فائر بریگیڈ کی جانب سے آگ پر قابو پانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب، ملیر کھوکھرا پار نمبر 2 میں گھر میں آتشزدگی کے واقعے میں 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لانڈھی شیر پاؤ کالونی اور ملیر کھوکھراپار میں آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ملیر کھوکھراپار میں گھر میں قائم اسکول میں آگ لگنے کے واقعے پر رپورٹ طلب کرلی۔

کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ فائر بریگیڈ فوری موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، ملیر کھوکھراپار میں آتشزدگی میں 2 بچے جھلس کر زخمی اور گھر کے رہائشی افراد موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور ریسکیو کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی عمارت میں اسکول قائم ہونے کے معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے لانڈھی شیر پاؤ کالونی میں گودام کو آگ لگنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا اور تحقیقات کا حکم دیا کہ گودام میں کیسے آگ لگی اور وجہ کیا تھی؟

کمشنر کراچی نے آگاہ کیا کہ فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ریسکیو کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں