جے یو آئی نے 8 فروری 2024 کے متنازع اور بدترین دھاندلی زدہ انتخابات کے خلاف یومِ سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان جےیو آئی اسلم غوری نے کہا کہ 8 فروری کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منائیں گے، جمہوریت دن بدن کمزور ہو رہی ہے، آئین پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان راولپنڈی میں مرکزی احتجاجی پروگرام سے خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، غیور عوام حکمرانوں کی قرآن و شریعت کے متصادم آئین سازی کے خلاف احتجاج کریں گے، مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی ،،لاقانونیت ، کے خلاف عوام کے شانہ بشانہ ہونگے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ قبول نہیں، شریعت ،آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہر آئینی، جمہوری اور پرامن راستہ اختیار کریں گے، کارکن تیاری مکمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کے دوسال مکمل ہونے پر جے یوآئی کا دھاندھلی کے خلاف جلسہ عام کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے جے یوآئی راولپنڈی اور اسلام آباد کی جماعت کو جلسہ کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی۔