کراچی:
شہر قائد میں جیکسن کے علاقے میں نیٹی جیٹی پل پر ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں کیماڑی کی جانب جاتے ہوئے ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سوار خاندان کو کچل دیا۔
افسوسناک واقعے میں موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص، خاتون اور کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
چشم دید گواہوں کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ سڑک پر موجود افراد سکتے میں آ گئے۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے موقع پر پہنچے۔
جاں بحق خاتون کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جبکہ مرد اور بچے کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ واقعے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔