کراچی؛ 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردارت کا مقدمہ درج

متاثرہ شہری بینک کے لاکر سے 200 تولے سونے کے زیورات اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لے کر اپنی گاڑی میں نکلا تھا


ویب ڈیسک February 04, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

بہادرآباد فاران سوسائٹی میں گزشتہ روز پیش آئی 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ بہادر آباد تھانے میں متاثرہ شہری سید معاذ علی کی مدعیت میں 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق میں مارکیٹنگ اینڈ ریسرچ کا کام کرتا ہوں، شارع فیصل پر واقع بینک کے لاکر سے 200 تولے سونے کے زیورات اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لے کر اپنی گاڑی میں نکلا تھا۔

درج مقدمے میں متاثرہ شہری نے بتایا کہ جیسے ہی بہادرآباد فاران سوسائٹی پہنچا اور گھر کا آٹو میٹک ڈور کھول کر گاڑی سمیت پارکنگ میں گیا، تو اسی دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان پہنچ گئے جن میں 3 ملزمان نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی جو اندر داخل ہوئے جبکہ ایک ملزم باہر موجود رہا۔

متاثرہ شہری نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر مجھ سے سونے کے زیورات اور ایک لاکھ امریکی ڈالر چھینے اور فرار ہوگئے، واردات میں ملوث ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کر سکتا ہوں۔

پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، مقدمے کی تفتیش میں اب تک کوئی بڑا بریک تھرو نہیں ہو سکا۔

مقبول خبریں