بھارت کے 15 سالہ نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے سری لنکا اے کے خلاف ٹرائی سیریز کے فائنل میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے لسٹ اے کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
ویبھو سوریہ ونشی نے محض 11 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرکے 21 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے کوشلیا ویرارتنے کے پاس تھا۔
نوجوان بھارتی بلے باز نے صرف 29 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ وہ لسٹ اے کرکٹ کی مشترکہ تیز ترین سنچری بنانے کے بھی قریب تھے، تاہم 132 کے مجموعی اسکور پر مڈ آف پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ویبھو نے اپنی نصف سنچری کے دوران 5 چوکے اور 5 چھکے لگائے اور سری لنکن باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ ان کی جارحانہ اننگز کا اسٹرائیک ریٹ 324 سے زائد رہا۔
شاندار کارکردگی کے بعد نوجوان بلے باز ایک بار پھر کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جبکہ وہ رواں ماہ بھارتی ٹیم کی نمائندگی کے لیے بھی تیار ہیں۔