کوئی ایک فریق بھی انا کے خول سے باہر نکل گیا تو بحران کاخاتمہ یقینی ہے سراج الحق

حکومتی جواب کا جواب الجواب تحریری طور پردیں گے اور زبانی کلامی کوئی بات نہیں مانی جائے گی، شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک September 05, 2014
اسلام آباد کا موسم ٹھنڈا اور جذبات گرم ہیں،چاہتے ہیں کہ جذبات کو ٹھنڈا اور معاملات کو حل کیا جائے، سربراہ جرگہ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے والے سیاسی جرگے کے سربراہ سراج الحق کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کا موسم ٹھنڈا لیکن جذبات بہت گرم ہیں اور اگر کوئی ایک فریق انا کے خول سے باہر آگیا تو معاملات حل ہوجائیں گے۔


اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کی رہائش گاہ پر تحریک انصاف کے وفد کی سیاسی جرگے کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی اس موقع پر جرگے کے ارکان نے حکومتی جواب شاہ محمود قریشی کو پیش کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جرگے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ جذبات کو ٹھنڈا اور معاملات کو حل کیا جائے جس کے لئے ضروری ہے کہ کوئی ایک فریق انا کے خول سے باہر نکلے تاکہ معاملات کو مثبت سمت کی جانب گامزن کیا جاسکے۔


شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ساڑھے پانچ پوائنٹس پر کامیابی کی بات کرنا مفروضہ ہے جو بات ہوگی وہ تحریری ہوگی، حکومتی جواب کا جواب الجواب تحریری طور پردیں گے اور زبانی کلامی کوئی بات نہیں مانی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت چینی صدر کے دورہ پاکستان کی اہمیت کو سمجھتی ہے اور اسلام آباد کا دھرنا چین اور پاکستان کی دوستی میں رکاوٹ نہیں بنے گا، چینی صدر کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کا عوامی استقبال کیا جائے گا۔


جرگے کے رکن رحمان ملک نے چینی صدر کے دورہ پاکستان کی منسوخی کا ذمہ دار حکومت اور دھرنے دینے والی جماعتوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ تینوں فریقین چینی صدر کا دورہ ملتوی ہونے کے ذمہ دار ہیں، جرگے کی کوششوں سے مظاہرین نے پارلیمنٹ کا احاطہ خالی کیا اور سیکرٹریٹ سے باہر آئے، اب مذاکرات کے حوالے سے جو پیش رفت ہوگی اسے قوم کے سامنے لایا جائے گا۔

مقبول خبریں