نئی دہلی پاکستان کیلیے جاسوسی کے الزام میں سری لنکن گرفتار

دفاعی تنصیبات کی تصاویرووڈیوزپاکستانی ہائی کمیشن کودینے پرگرفتارکیاگیا،بھارتی اخبار


INP September 12, 2014
سیلواراجن نے شہر میں نصب اہم دفاعی تنصیبات کے ساتھ ساتھ مختلف پر ہجوم مقامات کی وڈیو ٹیپس ریکارڈ کیں، بھارتی اخبار فوٹو: فائل

بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ( این آئی اے) نے چنائے میں قائم اہم دفاعی تنصیبات کی تصاویر اور وڈیوز بنا کر مبینہ طور پر انھیں کولمبومیں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کرنے کے الزام میں ایک سری لنکن شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این آئی اے کا کہناہے کہ سری لنکن شہری سیلواراجن نے چنائے میں ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کاآغاز کیا اور اس کمپنی کے توسط سے نیشنل سیکیورٹی گارڈ حب، آرمی آفیسرٹریننگ اکیڈمی اور کوسٹ گارڈ تک رسائی حاصل کی۔

انسداد دہشت گردی کے ایک عہدیدارنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ ڈیوڈ کولمین ہیڈلی کی طرز کاہی ایک کیس ہے، جس نے ہندوستان میں ایک امیگریشن فرم کھولی اوراپنے مختلف دوروں کے دوران ان مقامات کی مختصر وڈیوز بنائیں، جن کو 26 نومبر 2008 کو لشکرطیبہ کی جانب سے نشانہ بنایاگیا۔مذکورہ افسر نے بتایا کہ سری لنکن شہری سیلواراجن نے جعلی کاغذات کی بنا پر ہندوستانی پاسپورٹ حاصل کیا اور چنائے میں ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کا آغاز کیا۔

سیلواراجن نے شہر میں نصب اہم دفاعی تنصیبات کے ساتھ ساتھ مختلف پر ہجوم مقامات کی وڈیو ٹیپس ریکارڈ کیں، سری لنکن شہری نے وشا کا پٹنم کا بھی دورہ کیا جہاں اس نے نیوی کی اہم تنصیبات کی تصاویر لینے کے ساتھ ساتھ وہاں وڈیوز بھی بنائیں،ان وڈیوز کو وہ اپنے ای میل اکاؤنٹ میں محفوظ کرتا رہتا تھا، جن تک بعد میں کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک عہدیدارنے رسائی حاصل کر لی۔

مقبول خبریں