حبیب بینک کے حکومتی حصص کی فروخت کیلیے 166 روپے فی شیئر فلور پرائس مقرر

حبیب بینک لمیٹڈ کے حکومتی شیئرز کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت بک بلڈنگ پراسیس کے تحت ہوگی


Numainda Express April 07, 2015
حبیب بینک لمیٹڈ کے حکومتی شیئرز کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت بک بلڈنگ پراسیس کے تحت ہوگی۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

DELRAY BEACH: کابینہ کی نجکاری کمیٹی (سی سی او پی) نے حبیب بینک لمیٹڈ کے ڈھائی کروڑ سے زائد حکومتی حصص کی فروخت کے لیے 166 روپے فی شیئر کے حساب سے فلور پرائس کی منظوری دے دی ہے۔

پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ پیر کی صبح نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں حبیب بینک لمیٹڈ میں حکومتی حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے تمام تر پہلوؤں کا جائزہ لے کرنیلامی کے لیے فلور پرائس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی جو حتمی منظوری کے لیے سی سی او پی کو سفارش کے ساتھ بھجوائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں ایچ بی ایل پرائسنگ بنچ مارکس، مختلف قیمتوں پر سرمایہ کاروں کی ڈیمانڈ سمیت فنانشل ایڈوائزرز کی جانب سے پیش کردہ دیگر عوامل کا تفصیلی جائزہ لے کر فلور پرائس تجویز کی گئی ہے جس کے بعد کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے فلور پرائس مقرر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تمام شرکا کے تفصیلی ان پٹ کے بعد حبیب بینک لمیٹڈ کے حکومتی حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت کے لیے 166 روپے فی شیئر فلور پرائس مقرر کردی ہے اور یہ بھی طے ہواکہ حبیب بینک لمیٹڈ کے حکومتی شیئرز کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت بک بلڈنگ پراسیس کے تحت ہوگی تاکہ قابل اور اہم ملکی و غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار حصہ لے سکیں، علاوہ ازیں حبیب بینک کے حکومتی حصص کی نیلامی کیلیے منگل کی صبح 9بجے بک بلڈنگ شروع اور جمعہ کی شام 7بجے بند ہوگی جس کے بعد کابینہ کی نجکاری کمیٹی 11اپریل کو حتمی نتائج کی روشنی میں حبیب بینک کی پیش کردہ قیمت پر حصص کی فروخت کی منظوری دینے کا جائزہ لے گی۔

مقبول خبریں