وقار یونس عمدہ کارکردگی پر کپتان کے گن گانے لگے

عمررکاوٹ نہیں،41 برس میں انتہائی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں،کوچ


Sports Desk October 23, 2015
اختتامی لمحات میں2 چھکے لگاتے وقت بیٹسمین کے ذہن میں سنچری نہیں تھی فوٹو: فائل

KARACHI: پاکستانی ٹیم کے کوچ وقار یونس دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے کپتان مصباح الحق کے گن گانے لگے، انھوں نے کہا کہ عمرسینئر بیٹسمین کیلیے رکاوٹ نہیں بنی،وہ41 برس کا ہونے کے باوجود انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

وقاریونس نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جس طرح مصباح الحق ٹیسٹ میچز میں عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ عمر ان کے آڑے آرہی ہے، جوں جوں وہ کھیلتے جا رہے کارکردگی میں مزید نکھار آ رہا اور مزید پختہ ہوتے جا رہے ہیں، یہی بات یونس خان پر بھی صادق آتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عصر حاضر کے بیٹسمینوں میں مصباح الحق کی عمر سب سے زیادہ ہے، اس لحاظ سے دیکھا جائے تو وہ جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے، اس سے ان کے کھیل سے جنون کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اختتامی لمحات میں2 چھکوں کے حوالے سے کوچ نے کہا کہ مصباح الحق کے ذہن میں سنچری نہیں تھی۔

یہ ان کا انداز ہے کہ چائے کے وقفے یا کھیل ختم ہونے سے قبل آخری اوورز میں ہوں وہ جارحانہ بیٹنگ کرنے لگ جاتے ہیں، اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ بولر سے پہلے وہ اس پر حاوی ہوجائیں،اس کے نتیجے میں رنز بھی مل جاتے ہیں۔ وقاریونس نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے لیے اچھا رہا، تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد 2اچھی شراکتیں ہوئیں، خاص طور پر مصباح الحق نے صورتحال کو اچھی طرح سے سنبھالا۔

مقبول خبریں