ڈیوس کپ میں ٹرافی کیلیے برطانیہ کا طویل انتظار ختم

79 برس بعد چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، مجموعی طور پر10ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا


Sports Desk November 30, 2015
79 برس بعد چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا، مجموعی طور پر10ویں مرتبہ ٹائٹل اپنے قبضے میں کیا۔ فوٹو: ڈیوس کپ/فائل

ڈیوس کپ ٹرافی کیلیے برطانیہ کا طویل انتظار ختم ہوگیا، انگلش ٹیم نے بیلجیئم کو 3-1 سے شکست دیکر 79 برس بعد چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ ٹائٹل کیلیے برطانیہ کا 79 سالہ انتظار ختم ہوگیا، اینڈی مرے نے سیزن میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت نہ صرف 1978 کے بعد پہلی بار برطانیہ کو فائنل میں پہنچوایا بلکہ بیلجیئم کیخلاف فیصلہ کن ٹائی میں بھی انھوں نے ابتدائی سنگلز اور ڈبلز کے بعد پہلے ریورس سنگلز میں بھی فتح سمیٹ کر ٹیم کو 1936 کے بعد پہلی اور مجموعی طور پر 10ویں مرتبہ چیمپئن بنوادیا۔

ورلڈ نمبر2 اینڈی مرے نے اتوار کو شیڈول پہلے ریورس سنگلز میں میزبان کھلاڑی ڈیوڈ گوفن کو دلچسپ مقابلے میں 6-3، 7-5 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، اس فتح کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کو ٹائی میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری مل گئی، جس کے بعد پانچویں اور اختتامی ریورس سنگلز کا انعقاد ضروری خیال نہیں کیاگیا، اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے اینڈی مرے نے رواں برس ٹائٹل جیتنے کی مہم میں اپنے تمام 11 میچز جیتے، برطانیہ نے اس سفر میں ہیوی ویٹس امریکا، فرانس ، آسٹریلیا کے بعد فائنل میں بیلجیئم کو بھی زیر کرلیا، اس کامیابی کے بعد اینڈی مرے ایک کلینڈر ایئر میں ڈیوس کپ کے تمام 8 سنگلز میچز جیتنے والے دنیا کے تیسرے پلیئر بھی بنے، ان سے قبل یہ کارنامہ سابق اسٹارز جون میکنرو اور میٹس ویلینڈر نے انجام دے رکھا تھا، دونوں کھلاڑیوں نے 1981 کے ایڈیشن میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

مقبول خبریں