وزیراعظم نواز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پرسری لنکا پہنچ گئے

وزیراعظم نوازشریف سری لنکن صدر، وزیراعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔


ویب ڈیسک January 04, 2016
وزیراعظم کے دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبہ جات میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں جہاں سری لنکن وزیراعظم نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا کی دعوت پر 3 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں جہاں ایئرپورٹ پر سری لنکن وزیراعظم رنیل شریان وکرما سنگھے نے اپنی کابینہ کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نوازشریف 3 روزہ دورے کے دوران سری لنکن صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے جس میں مختلف شعبوں خصوصاً تجارت اور معیشت میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ سری لنکا کے صدر سرکاری طور پر وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے دورہ سری لنکا کے دوران دونوں ممالک میں مختلف شعبہ جات میں مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے جب کہ وزیراعظم کولمبو میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ، سینیئرحکام، تاجروں اورسفارت کاروں کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

مقبول خبریں