وہ وجوہات جس کی وجہ سے فلم مالک پر پابندی لگائی گئی

فلم میں پاکستان کو ایک لاقانونیت والی ریاست بنا کر پیش کیا گیا اور سیاستدانوں کو مکمل کرپٹ دکھایا گیا


رافع محمد April 30, 2016
صوبائی سنسر بورڈ تشکیل دییے بغیر فلم کی نمائش ممکن نہیں اوراگر کسی سینما نے فلم کی نمائش کرنے کی کوشش کی تو قانونی کارروائی ہوگی۔ فوٹو: فائل

سینٹرل سینسر بورڈ نے فلم مالک پر پابندی کی وجوہ جاری کر دیں۔

سنسر بورڈ کے مطابق فلم کی ریلیز کے پہلے3 روز میں ملک بھر سے شکایات موصول ہوئیں جن میں کہا گیا کہ فلم میں پاکستان کو ایک لاقانونیت والی ریاست بنا کر پیش کیا گیا اور سیاستدانوں کو مکمل کرپٹ دکھایا گیا، مختلف کمیونیٹز کو لسانی بنیادوں پر بھی نشانہ بنایا گیا، پختون، بلوچ اور سندھی عوام نے فلم کے خلاف احتجاج کیا، فلم میں ووٹرز کے ساتھ بھی ہتک آمیز رویہ دکھایا گیا۔

خیبرپختونخوا سے بھی فلم کیخلاف کئی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد صورتحال سے وزارت اطلاعات و نشریات کو آگاہ کیا گیا،سنسر بورڈ نے عوامی ردعمل اور غصے کا اظہار واضح کیا اورکہا کہ عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے، سخت ردعمل آسکتا ہے۔ سنسر بورڈ کی وزارت اطلاعات کو رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ امن عامہ کی صورتحال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر فلم پر پابندی عائد کی گئی، ماضی میں بھی ''شیر پنجاب'' اور ''انتہا'' فلم کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سی بی ایف سی کے چیئر مین مبشر حسن نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ '' ہمیں پاکستان بھر سے اور خاص طور پر مردان اور پشاور سے فلم '' مالک '' کیخلاف عوامی شکایات موصول ہوئیں' عوام کی طرف سے سینماؤں اور پبلک پراپرٹی کو جلائے جانے کے خدشہ تھا جس پر ہم نے وزارت اطلاعات کو تجویز دی کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بڑے سانحے سے بچنے کیلیے اس فلم کو ڈی سنسر کیا جائے''۔

سنسر بورڈ نے واضح کیاکہ خیبرپختونخوا حکومت کا فلم مالک کی نمائش کرنا ممکن نہیں۔ صوبائی سنسر بورڈ تشکیل دییے بغیر فلم کی نمائش ممکن نہیں اوراگر کسی سینما نے فلم کی نمائش کرنے کی کوشش کی تو قانونی کارروائی ہوگی۔

 

مقبول خبریں