دلہن کی رخصتی کے وقت عروسی لہنگے میں ڈرائیونگ، ویڈیو وائرل

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا ’’کون کہتا ہے شادی کے بعد کنٹرول دلہا کے ہاتھ میں ہوگا؟‘‘


ویب ڈیسک December 08, 2025

بھارت میں ایک انوکھی رخصتی نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔ پنجاب کے شہر لدھیانہ میں عروسی لہنگے اور بھاری زیورات میں سجی دلہن نے وہ کچھ کر دکھایا جس کی کسی نے توقع نہیں کی تھی۔ دلہن نے رخصتی کے لمحے پر ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی، اور معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گیا۔

رپورٹس کے مطابق دلہن بھوانی تلوار ورما نے رخصتی کے دوران اچانک اعلان کیا کہ وہ خود گاڑی چلانا چاہتی ہیں۔ لمحہ بھر کےلیے محفل میں حیرانی چھا گئی، اور دلہا کی تو حالت دیدنی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہن بڑے سکون سے گاڑی اسٹارٹ کرتی ہے جبکہ دلہا کچھ گھبرائے ہوئے انداز میں دعائیں کرتا نظر آتا ہے کہ سفر بخیریت گزر جائے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھوانی نے دلہا کو مزاحیہ انداز میں گاڑی میں بٹھاتے ہوئے کہا، ’’بیٹھو، گھر نہیں جانا؟‘‘ اور پھر پورے اعتماد کے ساتھ اسٹیئرنگ سنبھال لیا۔ راستے بھر دلہن پرسکون اور مطمئن انداز میں ڈرائیونگ کرتی رہی، اور دلہا کی گھبراہٹ اس پورے منظر کو مزید دلچسپ بناتی رہی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا کہ ’’کون کہتا ہے شادی کے بعد کنٹرول دلہا کے ہاتھ میں ہوگا؟‘‘

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آتے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ صارفین نے دلہن کے حوصلے، اعتماد اور بے فکری کی خوب تعریف کی، جبکہ کچھ نے ہنستے ہوئے تبصرہ کیا کہ رخصتی تو ہر جگہ ہوتی ہے، لیکن گاڑی خود دلہن چلائے… یہ تو پنجاب والوں کا ہی انداز ہے۔

مقبول خبریں