کسی کو بھی اسلام کو ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے صدر زرداری

اجلاس میں انڈونیشیا، نائجیریا کے علاوہ دیگر رکن ممالک کے سربراہوں اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔


ویب ڈیسک November 22, 2012
فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، صدر زرداری۔ فوٹو فائل

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم ہر روز دہشتگردی سے لڑ رہے ہیں لیکن کسی کو بھی اسلام کو ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں تین روزہ ڈی ایٹ ممالک کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ وہ تمام سربراہان مملکت کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایٹ کی سربراہی پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ڈی ایٹ ملکوں کی خوشحالی ہماری ذمہ داری ہے، تنظیم میں شامل ملکوں کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ مل کرنا ہوگا۔ ڈی ایٹ 8 مملاک کا اجتماع نہیں بلکہ 8 جمہوریتیں ہیں ، موجودہ حالات میں لازمی طور پر خود مختار ہونا ہوگا جس کے لئے معاشی ترقی بہت ضروری ہے۔ ڈی 8 میں اتنی توانائی اور عزم ہے کہ وہ اپنے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکے۔

صصدر زرداری نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین پر واضح موقف رکھتا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں امن کے عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ہم ہر روز دہشتگردی سے لڑ رہے ہیں کسی کو بھی اسلام کی تعلیمات ہائی جیک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپنے اقدار اور دین اسلام کے لئے لڑتے رہیں گے ۔

اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ نظام اور نو آبادیات کا خاتمہ ہورہا ہے۔ ڈی ایٹ کے تمام ممالک غیر منصفانہ نظام کے شکار ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد ممالک کی خودمختاری میں مداخلت میں اضافہ ہوا ہے لیکن ہمیں یہ بات سمجھنی ہوگی کہ پائیدار امن ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔

اجلاس میں انڈونیشیا، نائجیریا اور ترکی کے علاوہ دیگر رکن ممالک کے سربراہوں اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔

مقبول خبریں