دورہ انگلینڈ میں کامیابی سخت محنت سے مشروط ہے معین خان

دورہ انگلینڈ کے لیے دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل مناسب ٹیم تشکیل دی گئی ہے، سابق کپتان


Sports Reporter June 27, 2016
بیٹنگ لائن کو اعتماد پرپورا اترنا ہوگا، بولرز حریف ٹیم کو آؤٹ کرسکتے ہیں، سابق کپتان فوٹو : ایکسپریس

سابق ٹیسٹ کپتان و چیف سلیکٹر معین خان نے کہا ہے کہ دورئہ انگلینڈ میں کامیاب نتائج کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، پاکستان کی بیٹنگ لائن کو اعتماد پراترنا ہوگا، ہماری بولنگ سائیڈ میزبان ٹیم کو آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں معین خان نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ کے لیے دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل مناسب ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی امید افزا ہے، لیکن ہمارے بیٹسمینوں کو میزبان بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، خوش قسمتی سے دورئہ انگلینڈ میںجن مقامات پر میچز کا انعقاد ہونا ہے، وہاں کی وکٹیں اتنی زیادہ گرین نہیں اور گیند زیادہ سوئنگ نہیں ہوگی کہ پاکستان کے لیے مشکلات کا سبب بنیں، مگر ہمارے کھلاڑیوں کو ذمے داری کے ساتھ وکٹ پر رکنے کی کوشش کرنا ہوگی، غیر ضروری گیندوں سے چھیڑ چھاڑ نقصان دہ ثابت ہوگی، ہرگیند پر شاٹ کھیلنے کی کوشش کی بجائے موقع کی مناسبت سے میرٹ پر اسٹروک کھیلنا سودمند رہے گا۔

معین خان نے کہا کہ پاکستان کے بولرز بھر پور اہلیت کے حامل ہیں، وہ انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ قومی امید ہے کہ پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ میں بھی بتدریج بہتری آئے گی، ایک سوال کے جواب میں معین خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ون ڈے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دینے کی ضرورت ہے جس ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کو چیف سلیکٹرکا نیا ٹاسک ملاہے ،اللہ کرے کہ وہ کامیاب رہیں، ایک اور سوال کے جواب میں معین خان نے موقف اختیار کیا کہ مصروفیات کے سبب ان کا کوچنگ کے لیے وقت نکالنا مشکل ہے، لیکن ہمیشہ پاکستان کی خدمت کرکے خوشی ہوتی ہے جبکہ پی اایس ایل میں کوئٹہ گلیڈیٹر کی کوچنگ کا تجربہ بہت شاندار رہا، فواد عالم کو قومی اسکواڈ کا حصہ نہ بنائے جانے پر معین خان کا کہنا ہے کہ وہ اچھے ریکارڈ کے حامل کرکٹر ہیں، چیف سلیکٹر کی حیثیت سے میں نے ان کو چانس دیا، فواد عالم دل چھوٹا نہ کریں، محنت کرکے وہ خود کو منوا سکتے ہیں۔

مقبول خبریں