مفادات کا ٹکراؤ دلیپ وینگسارکر اور راجیو شکلا بچ نکلے
جسٹس ریٹائرڈ اے پی شاہ نے سابق بیٹسمین امرے اور رگھورام کو قصور وار قرار دیدیا
QUETTA:
سابق بھارتی ٹیسٹ بیٹسمین پراوین امرے اور کرناٹکا کے سابق لیفٹ آرم اسپنر رگھورام بھات کو بھارتی کرکٹ بورڈ کے محتسب نے مفادات سے متصادم قرار دیدیا، اسی الزام میں سابق بھارتی کپتان دلیپ وینگسارکر اور راجیو شکلا بچ نکلے، ان دونوں کو بری کر دیا گیا۔
بی سی سی آئی کی ویب سائٹ پر شائع کی جانیوالی تفصیلات کے مطابق مفادات سے ٹکرائو سے مماثلت رکھنے والے اسی طرح کے دوسرے کیس میں بورڈ کے محتسب جسٹس ریٹائرڈ اے پی شاہ نے آئی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین راجیوشکلا کو کلیئرکردیا ہے، محتسب کو جمع کرائی جانیوالی شکایت میں ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامی کمیٹی کے ممبر اور آئی پی ایل ٹیم دہلی ڈیر ڈیولز کے کوچنگ اسٹاف میں بھی شامل امرے کو ممکنہ طور پر مفادات سے متصادم خیال کیا گیا تھا۔
محتسب نے امرے کی اس دلیل کو مسترد کردیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ مفادات سے متصادم نہیں کیوں کہ انھوں نے 2015آئی پی ایل ایڈیشن سے قبل ڈیرڈیولز کے کوچنگ اسٹاف کو جوائن کیا تھا اور اس سال آئی پی ایل فرنچائز سے معاہدے کی تجدید سے پہلے وہ ایم سی اے کی انتظامی کمیٹی کے ممبر بنے، جسٹس شاہ کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کے اصولوں کے مطابق یہ بات طے ہے کہ کوئی بھی ایڈمنسٹریٹر جو بی سی سی آئی سے منسلک ہو اور اس میں انتظامی کمیٹی کے ممبران بھی شامل ہیں وہ کسی بھی آئی پی ایل فرنچائز کے پے رول پر نہیں ہوسکتا، انھوں نے کہا کہ مسٹر امرے کو ایڈمنسٹریٹر ہوتے ہوئے آئی پی ایل فرنچائز کے کوچنگ اسٹاف میں کوئی بھی پوزیشن نہیں سنبھالنی چاہیے۔
جسٹس شاہ نے بورڈ کو امرے کیخلاف مناسب ایکشن لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ آئی پی ایل ایڈیشن میں مسٹر امرے ایم سی اے کی انتظامی کمیٹی کا حصہ نہیں بن سکتے، نہ ہی وہ کسی بھی آئی پی ایل ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوسکتے ہیں، انھوںنے بی سی سی آئی کو ہدایت کی کہ فرنچائزز کو خط لکھ کر رول ون کے اے اور بی کی بابت وضاحتکریں، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے موجودہ ڈائریکٹر، سابق چیف سلیکٹر وینگسارکر پر الزام تھا کہ وہ پونے میں جونیئر کرکٹرز کیلیے کرکٹ اکیڈمی چلارہے ہیں ۔