ملک بھر میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی سے چھٹی کا دن خوشگوار

ہفتہ وار چھٹی پرلطف بنانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا


ویب ڈیسک July 31, 2016
آئندہ 24 گھنٹوں مین ملک کے چند مقامات پرکہیں کہیں جبکہ کئی اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مکان ہے، محکمہ موسمیات : فوٹو : فائل

ملک کےبیشتر علاقے اس وقت مون سون کے زیر اثر ہیں جس کی وجہ سے کہیں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری تو کہیں ابر آلود موسم نے چھٹی کے دن کو دلفریب بنادیا ہے۔

ملک بھر میں برکھا رت اپنے جوبن پر ہے، کہیں بارشوں کا سلسلہ جاری تو کہیں ابر آلود موسم نے چھٹی کے دن کو خوشگوار بنادیا ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کا آج آخری دن ہے، جسے پر لطف بنانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر، دریاؤں ، نہروں اور پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ اورمالاکنڈ ڈویژن، پشاور،کوہاٹ، فاٹا، بلوچستان کے علاقے ژوب کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔

پنجاب میں سب زیادہ گوجرانوالہ میں 45 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کامرہ میں 33، منڈی بہاوالدین 31 ، میانوالی 18، چکوال 11، نور پور تھل اور جہلم میں 08، جوہر آباد 06، لاہور اور سرگودھا 05، منگلا میں 04، جھنگ 02، جبکہ لیہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور بھکر میں 01 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختون خوا میں سب سے زیادہ بارش چراٹ میں 25 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ دیر میں 04، کوہاٹ میں 03، چترال اور کاکول میں 02 جبکہ رسالپور میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان کے ضلع ژوب میں 06 ملی میٹر فاٹا میں پارا چنار 05، کشمیرکے اضلاع راولا کوٹ میں 07 اور کوٹلی میں 06 گلگت کے گوپس میں 06ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی اضلاع راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا جبکہ خیبرپختونخواہ کے ہزار اور مالاکنڈ ڈویژن، مردان، کوہاٹ، فاٹا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بلوچستان کے علاقے ژوب ، خیبرپختون خواہ میں ڈی آئی خان اور بنوں پنجاب میں ملتان اور ساہیوال اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مکان ہے۔ سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں اور موسم بھی مرطوب رہے گا۔

شہر قائد کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغربی علاقوں سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 27 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے آج کراچی میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے تاہم شہر میں کہیں کہیں بوندا باندی اور موسم جزوی ابر آلود رہنے کا بھی امکان ہے۔

مقبول خبریں