مائیکروسافٹ کی ’داعش‘ کا انگریزی ترجمہ ’سعودی عرب‘ کرنے پر معافی

غلطی فوری طور پر درست کردی گئی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی کوئی غلطی نہ ہو، نائب صدر مائیکرو سافٹ


ویب ڈیسک September 01, 2016
مشینی ترجمے کی ایک غلطی مائیکروسافٹ کو بہت مہنگی پڑگئی۔ (فوٹو: فائل)

مائیکرو سافٹ نے اپنی مترجم ویب سائٹ 'بنگ' کی جانب سے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے عربی میں نام 'داعش' کا انگریزی میں ترجمہ سعودی عرب کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔

چند روز قبل سوشل میڈیا کے سعودی صارفین نے مائیکرو سافٹ کی مترجم ویب سائیٹ ''بنگ'' میں غلطی دریافت کی اور سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور مائیکرو سافٹ کی مصنوعات کے بائیکاٹ تک کا مطالبہ کردیا۔ سعودی شہریوں کا احتجاج اس قدر شدید تھا کہ مائیکروسافٹ سعودی عرب کے نائب صدر ممدوح ناجر کو اس ''نادانستہ غلطی'' پر تمام اہالیانِ سعودی عرب سے غیر مشروط معافی مانگنا پڑی۔

ممدوح ناجر نے وضاحت کی کہ غالباً اس غلطی کی وجہ مشینی ترجمے میں ''کراؤڈ سورسنگ'' کا استعمال ہے۔ کراؤڈ سورسنگ وہ طریقہ ہے جس کے تحت مختلف بڑی کمپنیاں اپنا سرمایہ بچانے کےلئے ''عوام کی شراکت داری سے'' کوئی کام انجام دیتی ہیں لیکن فائدہ خود اٹھاتی ہیں۔ مائیکروسافٹ نے بھی 'بنگ' کے ذریعے ترجمے کو 'مؤثر' بنانے کےلئے یہی تدبیر اختیار کی۔ ممدوح ناجر کے مطابق، بنگ ڈیٹابیس میں موجود کسی لفظ کا ترجمہ تبدیل کروانے کےلئے تقریباً ایک ہزار صارفین کی جانب سے یکساں متبادل لفظ تجویز ہونا ضروری ہے۔ یہ غلطی فوری طور پر درست کردی گئی ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی کوئی غلطی نہ ہو۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع انگریزی سے عربی اور عربی سے انگریزی ترجمے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ امریکا کی ''ڈارپا'' (ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی) ہر دو سال بعد انگریزی سے عربی/ عربی سے انگریزی میں مشینی ترجمے کا مقابلہ منعقد کرواتی ہے۔

مشینی ترجمے کے میدان میں دو تکنیکیں زیادہ مشہور ہیں: قواعد پر مبنی ترجمہ (رُول بیسڈ ٹرانسلیشن) اور شماریاتی ترجمہ (اسٹیٹسٹیکل ٹرانسلیشن)۔ ان طریقوں کو جداگانہ طور پر اور ایک ساتھ، دونوں طرح سے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس شعبے میں اس وقت گوگل کو سبقت حاصل ہے لیکن اس کا خودکار مترجم نظام بھی انسانی ترجمہ نگاروں کے مقابلے میں بہت ناقص ہے۔

مقبول خبریں