کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 7 فوجی شہید، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  پير 14 نومبر 2016
پاک فوج کی جانب سے کارروائی کے نتیجے میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

پاک فوج کی جانب سے کارروائی کے نتیجے میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو : فائل

راولپنڈی: کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کنٹرول لائن پر بھمبرسیکٹرمیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 7 فوجی شہید ہوگئے، پاک فوج کی جانب سے بھی بھر پور کارروائی کی گئی اور جواب میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ زرائع کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔

 اس خبر کو بھی پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر جارحیت، بھارتی ہائی کمشنر دفترخارجہ طلب

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں حوالدار ظفرحسین، حوالدار ابراراحمد شہید، حویلی کہوٹہ کے لانس نائیک محمدشوک، تلہ کنگ کے رہائشی سپاہی محمد الیاس، سماہنی آزادکشمیر کے سپاہی محمد تنویر اور لکی مروت کے لانس نائیک محمد حلیم سمیت اٹھ مقام کے سپاہی پرویز بھی شامل ہیں۔

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سےشہید جوانوں کی نماز جنازہ جہلم میں اداکی گئی جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت پاکفوج کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر آرمی چیف نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے جوانوں کو بہادری پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ کے بعد آرمی چیف راحیل شریف کو جہلم میں سرحدی کمانڈرز نے کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی فائرنگ پربھرپوراورموثر جواب جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مادروطن کے دفاع میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے اور پاک سر زمین کے مکمل دفاع کے لیے پاک فوج بھرپور جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے تاہم پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مادر وطن کے دفاع میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے، سربراہ پاک فوج

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی فائرنگ پر بھرپور اورموثر جواب جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مادروطن کے دفاع میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھیں گے اور پاک سر زمین کے مکمل دفاع کے لیے پاک فوج بھرپور جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے، وزیر دفاع

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے 7 جوان شہید ہوئے جب کہ بھارت ایل او سی سمیت ورکنگ باؤنڈری کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے جس سے جانی نقصان بھی ہورہا ہے اور ایل او سی پر بھاری اسلحے کا استعمال بھی شروع کردیا ہے تاہم پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھر پور جواب دے رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج بزدلانہ حرکتیں کر رہی ہے تاہم پاک فوج بھارت کو منہ توڑجواب دے رہی ہے، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے اورجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جب کہ پوری قوم شہید جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری افواج لائن آف کنٹرول پر ملک کے دفاع کےلیے کھڑی ہیں اور بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔