شہر قائد کے علاقے کلفٹن اپرگزی میں سفاک شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران بیوی اور 12 سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کلفٹن کے علاقے اپر گزری بلوچ پاڑہ نورانی مسجد کے قریب گھر میں گھریلو جھگڑے کے دوران سفاک شوہر نے تیز دھار آلے کے وار سے بیوی کو قتل جبکہ بیٹی کو شدید زخمی کیا۔
بچی کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ اس دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ایس ایچ او کلفٹن عمران سعد نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر ملزم شوہر سمیع اللہ کو گرفتار کر کے آلہ قتل (چھری) برآمد کرلی۔
قتل ہونے والی ماں کی شناخت 45 سالہ کلثوم جبکہ 12 سالہ بچی کی شناخت مریم کے نام سے کی گئی۔
پولیس نے گرفتار ملزم کو تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا جس نے ابتدائی تحقیقات میں دہرے قتل کا اعتراف بھی کرلیا۔