دوسرا ٹی 20مورگن نے اختتامی گیند پر چھکا لگاکر بھارت سے فتح چھین لی

انگلینڈ کو فتح کے لیے آخری گیند پر 3 رنز درکار تھے تاہم مورگن نے چھکا مار کر ٹیم کا اسکور 4وکٹ پر 181تک پہنچادیا۔


Sports Desk December 23, 2012
بھارتی بلے باز روہت شرما 24رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، فوٹو : اے ایف پی / فائل

ایون مورگن نے اختتامی گیند پر چھکا لگاکر بھارت سے فتح چھین لی، انگلینڈ نے دوسرا ٹی20 میچ6 وکٹ سے جیت کر سیریز1-1 سے برابر کردی۔

اعصاب شکن مقابلے میں مہمان ٹیم کو فتح کے لیے میچ کی اختتامی گیند پر 3 رنز درکار تھے تاہم مورگن نے حواس کو قابو میں رکھتے ہوئے اشوک ڈینڈا کی گیند کو بغیر زمین کو چھوئے باؤنڈری لائن کے باہر پہنچاکر ٹیم کا اسکور 4وکٹ پر 181تک پہنچادیا، مورگن49 پر ناقابل شکست رہے، انھوں نے 26گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5چوکے اور 2چھکے جڑے، ان کے ساتھ وکٹ پر موجود جوز بٹلرنے 7 گیندوں پر 15رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

دونوں نے اختتامی 13گیندوں پر 32رنز کی ناقابل شکست فتح گر شراکت بنائی،انگلش اوپنر مائیکل لیمب نے 50 رنز بناتے ہوئے ساتھی کھلاڑی الیکس ہالز کے ہمراہ 80رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی، ہالز 42 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے، یوراج نے اس مرتبہ بھی 17رنز دیکر 3کھلاڑیوں کو قابو کیا،قبل ازیں بھارت نے مقررہ اوورز میں 8وکٹ پر177رنز جوڑے، یوراج سنگھ اور کپتان دھونی یکساں طور پر 38،38رنز بناکر نمایاں رہے، سریش رائنا نے35رنز ناٹ آئوٹ بنائے،روہت شرما 24رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، جیڈ ڈیرن بیچ اور لیوک رائٹ نے 2،2 وکٹیں لیں۔

مقبول خبریں