این ٹی ایس کا مرکزی دفتر بند جے ایس ٹی نتائج تاخیرکا شکار ہوگئے

اسلام آباد میں دھرنے کی وجہ سے این ٹی ایس آپریشن بند ،دفاتر کھلتے ہی20 جنوری تک نتیجہ جاری ہوگا، عمران خان


Safdar Rizvi January 16, 2013
سندھ میں پی ایس ٹی ٹیسٹ 2 شفٹوں میں19 جنوری سے شروع ہونگے ،3 لاکھ 44 ہزار 700 امیدوارشرکت کریں گے. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں جے ایس ٹی کے ٹیسٹ کے نتائج کااجرا تاخیر کا شکار ہوگیا ہے۔

یہ ٹیسٹ گزشتہ ہفتے این ٹی ایس کے تحت لیے گئے تھے جس میں کراچی سمیت سندھ بھر سے ایک لاکھ 54 ہزار امیدوارشریک ہوئے تھے تاہم اسلام آباد میں جاری دھرنے کے سبب این ٹی ایس نے وفاقی دارالحکومت میں اپنا آپریشن بند کردیاہے اورٹیسٹ کی کاپیوں کی جانچ اورنتائج کی تیاری کاکام روک دیاگیاہے جس کے سبب فی الحال نتائج جاری نہیں کیے جاسکیں گے، نیشنل ٹیسٹنگ سروس سندھ کے سربراہ عمران خان نے ''ایکسپریس''کوبتایاکہ این ٹی ایس کی جانب سے نتائج کی تیاری کا ساراکام اسلام آباد کے صدردفتر میں کیاجاتاہے تاہم موجودہ صورتحال میں این ٹی ایس کے دفاتربند پڑے ہیں اورنتائج کی تیاری کاکام رک گیاہے۔

ان کاکہنا تھاکہ اگراین ٹی ایس کے دفاتر فوری کھل گئے توجے ایس ٹی کے نتائج 20 جنوری تک جاری ہوجائیں گے بصورت دیگرنتائج کے اجرا میں مزید تاخیربھی ہوسکتی ہے،علاوہ ازیں صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں پی ایس ٹی(پرائمری اسکول ٹیچرز)کے ٹیسٹ 19سے 22 جنوری تک سندھ بھر میں لیے جائیں گے جس کے لیے این ٹی ایس کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔



پی ایس ٹی کے ٹیسٹ میں سندھ بھر میں مجموعی طورپر3 لاکھ 44 ہزار 700 امیدوارشریک ہونگے جبکہ صرف کراچی میں شریک ہونے والے امیدواروں کی تعداد 32 ہزار 652 ہے این ٹی ایس سندھ کے سربراہ عمران خان کے مطابق پی ایس ٹی کے ٹیسٹ صبح اوردوپہر 2 شفٹوں میں ہونگے صبح کے اوقات میں خواتین امیدواروں جبکہ دوپہر میں مردامیدواروں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے، پی ایس ٹی ٹیسٹ میں کراچی کی سطح پر18 ہزار421خواتین اور 14ہزار 213 مرد امیدوارشریک ہورہے ہیں این ٹی ایس کی جانب سے سندھ بھر میں 4 ہزارانویجیلیٹرز ٹیسٹ میں انویجیلیشن کے فرائض انجام دیں گے۔

مقبول خبریں