سپریم کورٹ کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال لیں گے شیخ رشید

اگر سپریم کورٹ سے بڑے چوروں کو سزا ہو گئی تو آئندہ لوگ کرپشن کرتے ہوئے ڈریں گے، سربراہ عوامی لیگ


ویب ڈیسک July 14, 2017
مسلم لیگ (ن) میں بھی دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں، شیخ رشید۔ فوٹو: فائل

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کے معاملے پر پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ ہے اور اگر کسی نے سپریم کورٹ کی طرف میلی نظر سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال لیں گے۔

راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں دولت والے کی حکمرانی ہے، ملک میں جس کے پاس مال ہے وہی حکومت کر سکتا ہے، ہمارے بچوں کا 18 سال کی عمرمیں شناختی کارڈ نہیں بنتا لیکن حکمرانوں کے بچے 18 سال کی عمر میں کروڑوں کے مالک بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں کو باہر منتقل کر کے منی لانڈرنگ کی گئی، یہ چوروں، ڈاکوؤں اور کم ظرفوں کا گروہ ملک کو لوٹتا ہے اور پھر ہمیں آنکھیں دکھاتا ہے، ان سے کہتا ہوں اگر سپریم کورٹ کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ان کی آنکھیں نکال لیں گے، اللہ کے بعد سپریم کورٹ ہی اس عوام کا واحد سہارا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نوازشریف کے نااہل ہونے میں کوئی شک نہیں رہا، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ کو جعلی دستاویزات دیں اور قطری شہزادے نے اپنے خط کی توثیق نہیں کی جب کہ پاکستانی سیاست میں اگلے 4،5 ہفتے انتہائی اہم ہیں، پیر سے پاناما کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں شروع ہو گی بس پھر چار ہفتے کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے بڑے چوروں کو سزا سنا دی تو یقین سے کہتا ہوں کہ آئندہ کوئی بھی بڑا آدمی کرپشن کرنے سے ڈرے گا جب کہ پاناما کیس کے بعد سے مسلم لیگ (ن) میں بھی دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔

مقبول خبریں