دی کپل شرما شو بند کرنے کا فیصلہ؟

ویب ڈیسک  پير 7 اگست 2017
شو کو بند کرنے اور کپل شرما کے ساتھ ایک سال کے نئے معاہدے پر ٹی وی اتنظامیہ کشمکش کا شکار ہے۔ فوٹو: فائل

شو کو بند کرنے اور کپل شرما کے ساتھ ایک سال کے نئے معاہدے پر ٹی وی اتنظامیہ کشمکش کا شکار ہے۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارت کے مشہور کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کو اچھی ریٹنگ نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما کو گزشتہ کئی ماہ سے اپنے شو کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ان کی اس پریشانی کی بنیادی وجہ شو کے ریٹنگ کا گرنا ہے جو ’دی کپل شرما شو‘ کی انتظامیہ کی تمام تر کوششوں کے باوجود اپنی پہلے والی پوزیشن واپس حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ سونی ٹی وی کی انتظامیہ اب اس شو کو بند کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دی کپل شرما شو‘ کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، ایک طرف تو شو کو بند کرنے کی بات کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب ’سونی ٹی‘ کپل شرما کے ساتھ ایک سال کے لیے نیا معاہدہ کرنا چاہ رہی ہے مگر اس کے لیے ان کو اپنے شو کو مکمل طور پر تبدیل کرنا ہوگا اور شو کی پہلے جیسی مقبولیت بحال کرنا ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق ’دی کپل شرما شو‘ کے ٹیم ممبر کا کہنا ہے کہ ہمارے شو کا موجودہ فارمیٹ اپنی مدت پوری کرچکا اور ہم نے محسوس کیا ہے کہ عوام کچھ تبدیلی چاہ رہی ہے، اس شو کی بحالی کے لیے ہمیں کوئی بڑی تبدیلی لانا ہوگی۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ شو کی ریٹنگ ’نانی کا کردار ادا کرنے والے کامیڈین علی‘ اور ڈاکٹر مشہور گلاٹی کا کردار ادا کرنے والے سنیل گروور‘ کے جانے سے گری بنلکہ مداح کچھ نیا چاہتے ہیں۔

واضح رہے آسٹریلیا سے واپسی پر کپل شرما نے اپنے ساتھی اداکار سنیل گروور، چندن برابہارکر اور علی اصغر سے بدتمیزی کی تھی جس پر تینوں اداکار شو چھوڑ کر چلے گئے تھے تاہم چندن کچھ ہفتوں قبل واپس ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں البتہ کپل شرما کی جانب سے معافیاں بھی مانگی گئی مگر سنیل گروور نے شو میں واپسی سے معذرت کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔