شاہد آفریدی نے ون ڈے چھکوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرلی

اسپورٹس ڈیسک  پير 11 مارچ 2013
جنوبی افریقہ کیخلاف کیریئر کے 350 ویں میچ کے دوران نئی تاریخ رقم کی۔ فوٹو: فائل

جنوبی افریقہ کیخلاف کیریئر کے 350 ویں میچ کے دوران نئی تاریخ رقم کی۔ فوٹو: فائل

بلوم فونٹین:  آل رائونڈ شاہد خان آفریدی نے ون ڈے چھکوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرلی۔

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے میچ میں نئی تاریخ رقم کی، 350 وکٹیں مکمل کرنے کا خواب فی الحال ادھورا رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کو ون ڈے کرکٹ میں چھکوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنیوالے دنیا کے پہلے کرکٹر کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں  کلینویلڈ کو ڈیپ مڈ وکٹ کی جانب چھکا جڑتے ہی وہ اس سنگ میل تک پہنچے جبکہ لونوابو ٹسوبے کی گیند کو کارپارکنگ میں اچھال کر انھوں نے اپنے چھکوں کی تعداد 301 کی۔ یہ آفریدی کا 350 واں ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔

2

وہ اتنی بڑی تعداد میں ایک روزہ میچز کھیلنے والے پاکستان کے تیسرے اور دنیا کے آٹھویں کرکٹر ہیں۔ شاہد آفریدی کو ایک روزہ وکٹوں کی تعداد ساڑھے تین سو تک پہنچانے کیلیے مزید دو شکار درکار ہیں تاہم وہ پہلے مقابلے میں کوئی بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے اب انھیں اس کیلیے اگلے میچ تک انتظار کرنا پڑے گا۔شاہد آفریدی اب تک 7109 رنز بناچکے ہیں جس میں 6 سنچریاں شامل ہیں جبکہ ففٹیز کی تعداد 33 ہے، وہ اب تک 648 مرتبہ گیند کو بائونڈری کی بھی سیر کراچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔