نیا ٹینس سیزن اسٹار پلیئرز نے کمر کس لی

نووک جوکووک رواں ماہ کے اواخر میں ابوظبی ایونٹ میں حصہ لیں گے


Sports Desk December 04, 2017
نووک جوکووک رواں ماہ کے اواخر میں ابوظبی ایونٹ میں حصہ لیں گے، فوٹو: فائل

WASHINGTON, DC: نئے ٹینس سیزن کیلیے رواں برس انجری مسائل سے دوچار رہنے والے اسٹار پلیئرز نے کمر کس لی، نووک جوکووک رواں برس کے اواخر پر ابوظبی میں شیڈول نمائشی ٹینس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔

اسی طرح رافیل نڈال، راجرفیڈرر اور سیزن کی اختتامی ٹرافی اے ٹی پی فائنلز کی ٹرافی جیتنے والے گریگور دیمیتروف بھی نئے سیزن میں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ارمان آنکھوں میں بسائے بیٹھے ہیں، سرینا ولیمز بھی خاصے عرصے بعد کھیل میں واپسی کیلیے پرتول رہی ہیں جبکہ روسی پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا بھی کلائی کی انجری سے نجات پانے کیلیے کوشاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹینس اسٹارز نے نئے سیزن کیلیے کمر کس لی، سابق ورلڈ نمبرون نووک جوکووک 28 سے 30 دسمبر تک ابوظبی میں شیڈول نمائشی ایونٹ کے ذریعے کھیل میں واپسی کامنصوبہ بناچکے ہیں، اس مقصد کیلیے انھوں نے گذشتہ دن راڈک اسٹیپنک کو اپنی کوچنگ ٹیم کا حصہ بنانے کا اعلان کیا۔

جو آندرے اگاسی کے ہمراہ ملکر سربیئن اسٹار کو دوبارہ کھیل کی بلندیوں پر پہنچانے کی کوشش کریں گے، یہ دونوں بورس بیگر اور مارین ویڈجا کی جگہ ذمے داریاں سنبھالیں گے، بیکر 7 برس جوکووک کے ساتھ منسلک رہنے کے بعد گذشتہ برس علیحدہ ہوگئے تھے جبکہ ویڈجا نے اپنی سات سالہ رفاقت مئی میں ختم کرلی تھی،اسی طرح سیزن کا اختتامی اے ٹی پی فائنلز جیتنے والے گریگور دیمیتروف نے نئے سیزن میں گرینڈ سلم ٹرافی جیتنے کو اپنا مقصد قرار دے دیا، دنیائے ٹینس میں گریگور دیمیتروف کو' بے بی فیڈ' کے نام بھی جانا جاتا ہے ، جس کی وجہ ان کا انداز کھیل راجرفیڈرر سے مشابہ ہونا ہے، وہ سوئس ماسٹر کے برعکس ورلڈ ٹور میں خاصی جدوجہد کرتے دکھائی دیے ہیں۔

2016 کے وسط میں انھیں اپنی بدترین پوزیشن 40 پر بھی جانا پڑا تھا لیکن رواں برس انھوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں اپنی رینکنگ کو بہتر کرلیا،رواں برس انھوں نے مجموعی طور پر 4 ٹائٹلز جیتے، لندن ایونٹ سے قبل انھوں نے سنسناٹی میں پہلی ماسٹر ٹرافی بھی حاصل کی ، گرینڈ سلم میں ابھی تک دیمیتروف سیمی فائنل مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائے ہیں، انھوں نے 2014 کے ومبلڈن میں حتمی 4 پلیئرز میں جگہ بنائی تھی اور رواں برس آسٹریلین اوپن میں بھی وہ اسی کارکردگی کو دہرانے میں کامیاب ہوئے تھے، انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یقینی طور پر گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیتنا میرا بنیادی مقصد ہوگا جو کہ ہمیشہ سے میرا خواب رہا ہے۔

میں سست رفتاری سے ہی سہی لیکن منزل کی جانب بڑھ رہا ہوں،میں نے اگرچہ ماضی میں اچھے نتائج دیے ہیں لیکن ابھی بھی مجھے اس طرح کے بڑے ایونٹس میں تسلسل سے پرفارمنس پیش کرنے کی ضرورت ہے، اسی صورت میں مجھے ناقابل یقین فتوحات مل پائیں گی، میں ابھی دنیائے ٹینس میں بہت کچھ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں، گذشتہ ایک دہائی سے کھیل میں راجرفیڈرر، رافیل نڈال، اینڈی مرے اور نووک جوکووک چھائے رہے ہیں، انھیں عمومی طور پر ' بگ فور ' کہا جاتاہے، یہ چاروں نئے سیزن میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ادھرویمنز اسٹارز سابق ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز اور روسی پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا کی آسٹریلین اوپن میں شرکت تاحال غیریقینی ہے، سرینا نے میلبورن میں کیریئر کا 23واں گرینڈ سلم جیتنے کے بعد کھیل سے دوری اختیار کرلی تھی، ستمبر میں انھوں نے اپنی بیٹی کو جنم دیا ، 36 سالہ امریکن پلیئر آنیو الے چیلنج کیلیے خود کو تیار کررہی ہیں، وہ پریکٹس جاری رکھتے ہوئے خود کو بہترین حالت میں لانے کیلیے بھی کوشاں ہیں ۔

اسی طرح ورلڈ نمبر 12 روسی پلیئر سویٹلانا کزنٹسووا کی بھی 2018 کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ میں شرکت یقینی نہیں ہے، انھوں نے اپنی متاثرہ کلائی کی سرجری کرائی ہے، کزنٹسووا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میں کلائی کی سرجری کے بعدبتدریج بہتری حاصل کررہی ہوں، تاہم ابھی کھیل میں واپسی کے حوالے سے کسی وقت کا حتمی تعین نہیں کرسکتی، انھوں نے مزید بتایا کہ میری کلائی میں دو انجریز تھیں لہذا اس کیلیے مجھے آپریشن ہی کرانا پڑا، میری انجری کی نوعیت خاصی پیچیدہ رہی اور ڈاکٹرز نے ابھی مجھے پریکٹس شروع کرنے کے حوالے سے کوئی خاص وقت نہیں بتایا ہے، ادھر بیلاروسی اسٹار وکٹوریہ آذرنیکا بھی اپنے بوائے فرینڈ سے بچے کی حوالگی کی قانونی جنگ میں الجھی ہوئی ہیں اور اسی بنا پر وہ امریکا سے باہر جانے سے گریز کررہی ہیں، وہ اس معاملے کی وجہ سے رواں ماہ فیڈریشن کپ ٹینس کے فائنل میں بھی بیلاروس کو دستیاب نہیں ہوپائی تھیں، انھوں نے آکلینڈ کلاسک ویمنز ٹینس ایونٹ کے ذریعے سیزن شروع کرنے کا پروگرام بنایا ہے، سیزن کا پہلا گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن 15 سے 28 جنوری تک میلبورن میں شیڈول ہے۔

مقبول خبریں