نوجوان تیزی سے فیس بک کا استعمال ترک کر رہے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  اتوار 3 جون 2018
نوجوانوں میں انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے (فوٹو : فائل)

نوجوانوں میں انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے (فوٹو : فائل)

سان فرانسسكو: نوجوانوں میں فیس بک ترک کرنے کے رجحان میں 2015ء سے تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے جب کہ انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ کے استعمال میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ 2015ء کے مقابلے میں فیس بک کی مقبولیت میں کمی واقع ہوئی ہے اور نوجوانوں میں فیس بک کو ترک کر کے سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس کو استعمال کرنے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ نوجوانوں کی اولین پسند فیس بک کے بجائے اب یوٹیوب، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ ہیں۔

امریکا کے نجی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر (Pew Research Center) کی جانب سے کیے گئے اس سال کے سروے میں حیران کن اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ 2015ء میں اسی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے کے تقابلی جائزے سے پتا چلا کہ نوجوانوں میں فیس بک کا استعمال 71 فیصد سے گھٹ کر 51 فیصد رہ گیا ہے جب کہ نوجوانوں میں انسٹا گرام کی مقبولیت 52 فیصد سے بڑھ کر 72 فیصد اور اسنیپ چیٹ کی 41 فیصد سے بڑھ کر 69 فیصد ہوگئی ہے۔

Social Media

نوجوانوں میں فیس بک ترک کرنے کے رجحان کی تصدیق اس سے قبل فروری میں کی جانے والی ایک تحقیق سے بھی ہوئی تھی جس کے اعداد و شمار کے مطابق 12 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں میں فیس بک کے استعمال میں 10 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔ موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ریسرچ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ آئندہ برس تک فیس بک کو 2.1 ملین صارفین سے محروم ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 2016ء میں ہونے والے امریکا کے صدارتی انتخاب کے دوران فیس بک صارفین کا ڈیٹا استعمال ہونے پر سماجی رابطے کی اس کامیاب ویب سائٹ کو مشکلات کا سامنا رہا ہے جب کہ یوٹیوب انسٹا گرام اور اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔