شہبازشریف نے ایک ہی حلقے پر 11 ارب روپے خرچ کردیے

طالب فریدی  منگل 31 جولائی 2018
حلقے کی سڑکوں، گلیوں اور سیوریج کی تعمیر کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی۔  فوٹو:فائل

حلقے کی سڑکوں، گلیوں اور سیوریج کی تعمیر کے لیے خطیر رقم خرچ کی گئی۔ فوٹو:فائل

لاہور: شہبازشریف نے انتخابات میں جیت کے لئے حلقہ این اے 132 پر مبینہ طور پر اربوں روپے خرچ کئے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے لاہور کے صرف ایک حلقے این اے 132 پر 11 ارب روپے خرچ کردیئے۔ پہلے یہ حلقہ این اے 129 کہلاتا تھا جسے نئی حلقہ بندی میں این اے 132 بنادیا گیا۔ شہباز شریف 2013 میں یہاں کی صوبائی نشست سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اس حلقے پر پنجاب کی سابق حکومت کی جانب سے خرچ کی گئی رقوم کی تفصیلات ایکسپریس نیوز نے حاصل کرلی ہیں۔

شہباز شریف نے مالی سال 2014-15 میں 3 ارب 97 کروڑ کی رقم جاری کی، مالی سال 2015-16 کے دوران سڑکوں، گلیوں اور سیوریج کی تعمیر کے لئے 2 ارب 16 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی گئی، 2016-17 کے دوران 2  ارب 43 کروڑ،  جب کہ مالی سال 2017-18 کے دوران 2 ارب 24 کروڑ سے زائد رقم خرچ کی گئی۔

ترقیاتی  پیکج لاہور کے تحت حلقہ کے لئے مزید 9 کروڑ روپے جاری کئے گئے۔ دوسری جانب حلقہ کے عوام 11 ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہونے کے باوجود گندے پانی ، ٹوٹی سڑکیں اور ناکارہ سیوریج کے باعث مایوس نظر آتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔