سندھ حکومت نے انٹیل سائبر نیٹ کیساتھ ایم او یو پر دستخط کردیے

21 سرکاری تعلیمی اداروں میں انٹیل کمپیوٹر لیب تیار، سائبر نیٹ انٹرنیٹ سہولت دیگی


Business Reporter May 15, 2013
وی بیٹ آن لائن ای لرننگ سہولتوں کیلیے تیارہے، پیپرلیس نظام کو فروغ دیا جائے گا، میاں زاہد فوٹو: وکی پیڈیا

نگراںوزیر انفارمشن ٹیکنالوجی سندھ میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ انفارمشن ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی طلب اور جدت کے باعث سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی جدید خطوط پرآراستہ کیا جارہا ہے اور 21 سرکاری اسکولو ں کو پائیلٹ پراجیکٹ کے طورپر کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا جس پرآئندہ ہفتے سے عملدرآمد شروع کردیا جائیگا۔

یہ بات انہوں نے انٹیل پاکستان کے کنٹری منیجر نوید سراج،انٹرپرائز فورم کے وائس چیئرمین اظہر رضوی،سائبر نیٹ کے ڈائریکٹرشاہد خان ،کراچی ایجوکیشن ڈیولپمنٹ سینٹر کے صدیق شیخ اور وزارت انفارمشن ٹیکنالوجی کے مابین طے پانے والے باہمی معاہدے کی یاداشت پردستخط کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وی بیٹ کی جانب سے آن لائن ای لرننگ پر مکمل آگہی بھی فراہم کی گئی۔

میا ں زاہد حسین نے کہا کہ حکومتی اداروں سمیت سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی جدید طرز نظام میں ڈھالا جارہا ہے اورمحکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ متعدد تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر دنیا کی بڑھتی ہوئی جدت کو طلباوطالبات میں متعارف کرائے گا اور جدیدانفارمیشن ٹیکنالوجی نظام سے آگہی بھی فراہم کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ21سرکاری تعلیمی اداروں میں پائیلٹ پراجیکٹ کے تحت انٹیل کی جانب سے کمپیوٹر لیبارٹریز بنائی جائینگی جبکہ سائبرنیٹ انٹرنیٹ کی سہولتیں فراہم کرے گا۔



انہوں نے بتایا کہ ناظم آباد کے میجر ضیاالدین اسکول کو ماڈل اسکول کا درجہ دیا جائے گا جس کیلیے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جبکہ آئندہ ہفتے انتخابی عمل کے بعد سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ جاری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم، صحت، محکمہ داخلہ، پولیس، ایکسائز سمیت سندھ کے دیگرحکومتی اداروں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید خطوط پرآراستہ کیا جائیگا اور پراپرٹی کی خرید وفروخت سمیت دیگراداروں میں پیپرلیس نظام کوترجیحی طور پر فروغ دیا جائے گا۔

دنیا بھر میں ای لرننگ کو بہت اہمیت حاصل ہے اور پاکستان میں بھی ای لرننگ کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے وی بیٹ سے بات چیت کی گئی ہے جس کے تحت وی بیٹ آن لائن ای لرننگ کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے جس سے کسی بھی مقام سے بھرپورفائدہ اٹھایا جاسکے گا اوروقت کی اہمیت کے تحت طلبا وطالبات کو ایک بہترین موقع میسرآسکے گا۔

مقبول خبریں