عمران خان صفائی کا آغاز اپنے گھر سے شروع کریں وزیراعلیٰ سندھ

عمران خان نئے آئے ہیں جلد سیکھ جائیں گے جب کہ وہ اپنے ارد گرد نیب زدہ لوگوں کو دیکھیں، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک August 20, 2018
عمران خان اپنے ارد گرد نیب زدہ لوگوں کو دیکھیں، مراد علی شاہ۔ فوٹو : فائل

AHMEDABAD: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان صفائی کا آغاز اپنے گھر سے شروع کریں اور اپنے ارد گرد نیب زدہ لوگوں کو دیکھیں۔

گڑھی خدا بخش میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا عمران خان نئے آئے ہیں لہذا جلد سیکھ جائیں گے، عمران خان کی تقریر میں وہی باتیں تھیں جو وہ جلسوں میں کرتے رہے ہیں، عمران خان خود کو جلسہ موڈ سے نکال کر سیاسی موڈ میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سندھ کو جائز حق دینے کی بات کریں گے تو ہم ان کےساتھ ہوں گے، جہاں سندھ کے لوگوں کی بھلائی ہوگی ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : گھبرانے والا نہیں اب ملک بچے گا یا پھر کرپٹ افراد، وزیر اعظم

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 2 گاڑیاں استعمال کروں گا، یہ باتیں صرف کرنے کی ہیں، سادگی کی بات کرنے والے وزیراعظم کیا پی ایم ہاؤس کے ملازمین کو نکال دیں گے، وہ جاگنگ کرنے بھی جاتے ہیں تو ان کے پیچھے 50 گارڈز ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صفائی کا آغاز اپنے گھر سے شروع کریں اور اپنے ارد گرد نیب زدہ لوگوں کو دیکھیں جب کہ عمران خان کی جانب سے ٹاسک فورس کی تشکیل کا اعلان اداروں پر عدم اطمینان ظاہر کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے لوگوں نے جس طرح پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا ہمارا فرض بنتا ہے ہم خدمت کریں، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتر کام کریں گے۔

مقبول خبریں