کُرتی ایک پسندیدہ لباس

اگر یہ ہلکی پھلکی ہو تو اس کے ساتھ میک اپ بھی ہلکا سا ہونا چاہیے


سدرہ بانو August 27, 2018
اگر یہ ہلکی پھلکی ہو تو اس کے ساتھ میک اپ بھی ہلکا سا ہونا چاہیے

آج کل خواتین میں ''کُرتی'' کا رجحان بہت تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ چھوٹی بچیوں سے لے کر ہر عمر کی خواتین پر ''کُرتی'' کچھ اس طرح سج جاتی ہے کہ جیسے یہ ان کی شخصیت کو سامنے رکھ کر ہی تیار کی گئی ہو۔

آج کا دور مصروفیت کا دور ہے، خواتین کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ بازاروں کی خاک چھانتی پھریں، پھر کپڑا پسند کرکے درزیوں کے نخرے برداشت کریں، اس کے علاوہ سو مسائل ہیں جن میں میچنگ کی لیس، پائپنگ، دھاگے، گلے، موتی، ڈوریاں اور دیگر چیزوں پر بہت سا وقت اور پیسہ لگتا ہے، کچھ عرصے پہلے تو یوں ہی ہوتا تھا۔ ایک طویل انتظار کے بعد خواتین اپنی من پسند شرٹس پہن پاتی تھیں، لیکن جب سے کرتی کا دور چلا تو سبھی خواتین نے اسے پسندیدگی کی سند بخشی،کاٹن، کڑھائی شدہ، ہاف، لونگ، ٹائٹ، لوز، ساری پرنٹڈ ہر طرح کی کُرتی مارکیٹ میں دست یاب ہے۔

شادی بیاہ، عید، بقر عید اور خوشی کے دیگر تہواروں کے ساتھ ساتھ کالج، یونی ورسٹی کی طالبات اور ورکنگ ویمن بھی کرتی ہی زیب تن کرتی ہیں۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اس سے نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہوتی ہے، بلکہ یہ بہت مناسب قیمت پر بھی مل جاتی ہیں۔ کرتی کسی بھی موسم میں اور کبھی بھی پہنی جاسکتی ہے۔ تیار شدہ کرتی خواتین کو بہت آسانی اور سہولت فراہم کررہی ہے۔ خریداری کرتے ہوئے کرتی پسند آگئی تو بس تیار شدہ ٹائٹس لیا۔ ساتھ میں میچنگ کا دوپٹہ لیا اور لیجیے جھٹ پٹ تیاری مکمل۔ کرتی سبھی کی مرکز نگاہ بننے لگی تو لڑکیاں بالیاں، سہیلیوں کو تحفے میں کرتی ہی دینے لگیں۔

کرتی کے ساتھ جینز یا کھلے پاجامے پہنے جاتے ہیں، مگر زیادہ تر لڑکیاں ٹائٹس ہی کو ترجیح دیتی ہیں۔ یوں تو آپ کو ایک سے ایک خوب صورت کرتی مل سکتی ہے لیکن اگر آپ اپنی کرتی کو اوروں سے منفرد لُک دینا چاہیں تو آپ کچھ وقت اور توجہ صرف کرکے اپنی کرتی کو مزید بہتر بناسکتی ہیں۔ یوں تو بازاروں میں سجی ایک سے بڑھ کر ایک کرتی آپ کو اپنی طرف متوجہ کرسکتی ہے لیکن کبھی کبھی بہت زیادہ سلم یا اسمارٹ لڑکیوں کو بہت کوشش کے باوجود بھی اپنا ناپ نہیں مل پاتا، نتیجتاً انھیں ڈھیلی ڈھالی لوز کرتی پر ہی اکتفا کرناپڑتا ہے۔ گھر لاکر کرتی کو دونوں طرف سے سلائی کرکے اپنے سائز کے مطابق کرنا کچھ مشکل تو نہیں لیکن یہ طریقہ پرانا ہوچکا ہے۔

اس کے لیے نیا اسٹائل بھی اپنایا جاسکتا ہے، بس آپ کو کڑے یا چوڑی نما بنچ جڑا بیلٹ درکار ہوگا۔ یہ آپ کو با آسانی مل سکتا ہے۔ اپنی کرتی پر چیسٹ سے ذرا نیچے یہ بیلٹ لگاکر آپ حسب ضرورت اپنی کرتی کو ٹائٹ کرسکتی ہیں۔ اوپر سے ٹائٹ اور نیچے سے گھیردار کرتی آپ کا یہ اسٹائل آپ کو منفرد بنادے گا۔ عید وغیرہ کے موقع پر ایسی کرتی لی جارہی ہے جس کے فرنٹ پر بڑے بڑے پھول کڑھائی کیے گئے ہوں تو آپ ان پھولوں پر موٹے موٹے چھن چھن کرتے موتی ٹانک کر دونوں سائیڈ کے چاکوں پر نیچے کی طرف ریشمی دھاگوں سے گندھی ڈوریاں لٹکاسکتی ہیں۔ ویسے تو کرتیاں پرنٹڈ ہی ہوتی ہیں، لیکن اگر کبھی آپ کو تحفے میں بالکل پلین اور بغیر ڈیزائن کی کرتی مل جائے تو آپ اس کرتی کو پینٹنگ کلرز کے مختلف شیڈز سے ڈائی کراسکتی ہیں۔ پینٹنگ برش کی مدد سے ان رنگوں کی آڑی ترچھی لائنیں ذرا ذرا سے فاصلے پر لگاتی جائیں۔

آپ کی ڈرائنگ اچھی ہے تو آپ اپنی خواہش کے مطابق کرتی کو نفاست سے پینٹ کرسکتی ہیں۔ پینٹ کرتے ہوئے یہ خیال رکھیں کہ کرتی کے درمیان میں ایک موٹا سا گتہ رکھ لیں تاکہ کلرز بیک سائیڈ پر نہ چھپ جائیں۔ جب یہ کلرز اچھی طرح سوکھ جائیں تو پھر اس گتے کو نکال کر علیحدہ کردیں۔ ڈارک یا شوخ کلرز میں گھنٹوں کو چھوتی کرتی کے دامن پر جالی دار نیٹ جھالر کی صورت لگاسکتی ہیں۔ کرتی ہلکا پھلکا نزاکت اور نفاست کا امتزاج ہے، اس لیے اس کے ساتھ ہلکی پھلکی جیولری اور لائٹ میک اپ کیجیے۔ بالوں کا ہیئر اسٹائل بھی زیادہ ہیوی نہ ہونے دیں۔ بھاری بھرکم جیولری اور ڈارک میک اپ سے کرتی کی دل کشی کھوجاتی ہے۔ ہیوی جیولری اور ڈارک میک اپ کام دار اور فینسی سوٹ کے ساتھ اچھی لگتی ہیں۔ کرتی بذات خود ہلکی پھلکی ہے تو اس کے لیے اپنی تیاری بھی ہلکے پھلکے انداز میں سلیقے اور قرینے سے کیجیے۔

مقبول خبریں