میں اور کم جونگ ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے ہیں، ٹرمپ

ویب ڈیسک  اتوار 30 ستمبر 2018
ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کے لیے اپنے دلی جذبات کا اظہار ورجینیا میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا (فوٹو : اے پی)

ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کے لیے اپنے دلی جذبات کا اظہار ورجینیا میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا (فوٹو : اے پی)

ورجینیا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے مغربی ورجینیا میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے عشق میں مبتلا ہوگیا ہوں۔

امریکی صدر نے طویل تقریر کے دوران خوشگوار موڈ میں کہا کہ سنگاپور میں ہونے والے پہلے مذاکرات کے بعد سے کم جونگ ان نے مجھے خوبصورت خطوط  لکھے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد مجھے کم جونگ ان کا ایک اور خط موصول ہوا جس سے ہمارے تعلقات مزید مستحکم اور خوشگوار ہوگئے ہیں اور ہم دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

رواں ہفتے کے آغاز میں امریکی صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے تھے۔

واضح رہے کہ محض ایک سال قبل ہی امریکی صدر نے اسی پلیٹ فارم پر ایٹمی ہتھیاروں کے دلدادہ کم جونگ ان کو ’راکٹ مین‘ کہا تھا تاہم اب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی بہتر ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔